ایروسپیس بزنس: فلوریڈا کی نظریں غیر ملکی اداروں پر
2 اپریل 2011کیپ کنیورل سے موصولہ رپورٹوں میں خبر ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ اسی ہفتے برطانوی کاروباری شخصیات کے جس وفد کی فلوریڈا میں مختلف اہم حلقوں سے ملاقاتیں ہوئیں، اس کے ارکان کے چند تاثرات واقعی بڑے اہم ہیں۔
مثال کے طور پر یہ کہ چھوٹی جسامت کے سیٹیلائٹ خلا میں بھیجنے سے متعلق برطانوی مہارت کو اگر فلوریڈا کی مختلف خلائی سیاروں اور خلائی جہازوں کو ان کے سفر پر بھیجنے کی مہارت رکھنے والی سپیس لانچ انڈسٹری کے ساتھ دونوں کی کاروباری صلاحیتوں کے حوالے سے اکٹھا کر دیا جائے، تو فضائی اور خلائی سفر کی عالمی مارکیٹ میں دونوں کا حصہ واضح طور پر بہت زیادہ ہو سکتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق برطانوی ماہرین کی رائے میں عالمی سطح پر ایرو سپیس انڈسٹری کے کاروبار کی کل موجودہ مالیت 250 بلین امریکی ڈالر سالانہ کے قریب بنتی ہے اور اگر برطانیہ اور فلوریڈا اپنی قوتوں کو یکجا کر لیں تو دونوں ہی کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا۔
اس بارے میں کیپ کنیورل سے ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ خلائی سفر کی صنعت کا سالانہ کاروباری حجم اگلے تین عشروں میں مزید اضافے کے ساتھ 400 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر برطانیہ اس شعبے میں ترقی کی درست کوششیں صحیح سمت میں کرے، تو اس عالمی مارکیٹ میں اس کا موجودہ حصہ، جو چھ فیصد بنتا ہے، بڑھ کر 10 فیصد تک ہو جائے گا۔
برطانوی ادارے یو کے سپیس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو کیتھ میسن کے بقول اگر ایسا ہوا، تو عالمی سطح پر روزگار کے کم از کم ایک لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عاطف توقیر