1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا اور پیسفک اکنامک کوآپریشن سمٹ

13 نومبر 2011

براعظم ایشیا اور بحرالکاہل کے ملکوں کے اقتصادی تعاون کی تنظیم کا سالانہ سربراہ اجلاس امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں کل ہفتہ کے روز سے شروع ہو گیا ہے۔ آج اس سمٹ کا آخری دن ہے۔

https://p.dw.com/p/139n1
تصویر: AP

ہونولولو میں اپیک (APEC) تنظیم کے سالانہ سربراہی اجلاس میں امریکی صدر نے ٹرانس پیسفک ٹریڈ پلان کے چیدہ چیدہ نکات کا اعلان کیا۔ سمٹ کے افتتاحی روز امریکی صدر اوباما نے اکیس ملکوں کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہوئے عالمی اقتصادی صورت حال کا احوال بھی پیش کیا۔ اوباما کے خیال میں بحر الکاہل کے آر پار کے ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ زون کے قیام کا خواب اگلے ایک دو سال میں پورا ہو جائے گا۔ امریکی صدر کے مطابق اس ماڈل فری ٹریڈ زون کی کئی تفصیلات کو طے کرنا ابھی باقی ہے مگر انہیں یقین ہے کہ اگلے سال تک اس پر کام کرنے والی مختلف ٹیمیں اس کو حتمی شکل دے سکتی ہیں۔

USA Asien-Pazifik-Gipfel auf Hawaii
ہونولولو میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہےتصویر: dpad

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر اوباما نے واضح کیا کہ قریبی تعاون سے ہی عالمی کسادبازاری کے اثرات کو زائل کیا جا سکتا ہے۔ ہونولولو کے تھنک ٹینک ایسٹ ویسٹ سینٹر میں اوباما کے کلمات سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملائشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون کے ثمرات کے حصول کے لیے اپیک تنظیم کے رکن ملکوں کوکندھے سےکندھا ملا کر آگے بڑھنا ہو گا۔

ہونو لولو میں چینی صدر ہو جن تاؤ نے کارباری حضرات سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پرانے مؤقف کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک اپیک کے دائرے میں ایک بڑے فری ٹریڈ زون کے قیام کا اب بھی حامی ہے۔ چین نے ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (TPP)میں شمولیت کی دعوت کو قبول کرنے کا ملفوف عندیہ بھی دیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کے خیال میں ہونولولو کے اپیک اجلاس پر اس بار ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ چھائی دکھائی دیتی ہے۔

APEC-Gipfel 2010 in Japan Yokohama Flash-Galerie
سابقہ اپیک سربراہ کانفرنس کے شرکاءتصویر: AP

کانفرنس کے آغاز سے ایک دن قبل چلی اور ویت نام کے درمیان فری ٹریڈ کے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے۔ اپیک تنظیم کے دو روزہ اجلاس کے دوران مرکزی سیشن کے ساتھ ساتھ کئی اور اہم اجلاس اورمختلف لیڈروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان ملاقاتوں کے درمیان جاپان نے ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (TPP) مذاکرات میں شریک ہونے کا عندیہ بھی دیا۔ ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (TPP) کے مذاکراتی عمل میں پہلے سے امریکہ، آسٹریلیا، ملائشیا، ویت نام اور چلی شامل ہیں۔ ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (TPP)کے ممبران میں چلی، نیوزی لینڈ، برونائی اور سنگاپور شامل ہیں۔ اس کا قیام سن 2005 میں ہوا تھا۔

امریکی ریاست ہوائی کے بڑے شہر ہونو لولو میں اپیک تنظیم کا سربراہ اجلاس ترتیب کے اعتبار سے 23واں ہے۔ چوبیسواں سالانہ اجلاس روس کی میزبانی میں ولاڈی واسٹک شہر میں اگلے سال ماہِ نومبر میں منعقد کیا جائے گا۔ انڈونیشیا کو سلور جوبلی سربراہ اجلاس کی میزبانی حاصل ہے، جو سن 2013 میں جزیرہ بالی کے شہر ماناڈومیں ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں