ایپل آئی پیڈ ایشیا میں فروخت کے لئے
28 مئی 2010ایپل کے جدید کمپیوٹر ٹیبلٹ پی سی کا انتظارکافی عرصے سے کیا جارہا تھا۔ آسٹریلیا، جاپان، برطانیہ اور کینیڈا کےعلاوہ کئی دیگر یورپی ممالک میں بھی اس جدید آئی پیڈ کو خریدنے کے لئے، صارفین لمبی لمبی قطاریں بنا کر دوکانیں کھلنے کا انتظار کرتے رہے۔
دس انچ سائز کے حامل ٹچ اسکرین، مکمل ملٹی میڈیا اور انٹرنیٹ سرفنگ کی سہولتوں سے آراستہ اس جدید کمپیوٹر پر نہ صرف اخبارات بلکہ کتابیں بھی پڑھی جاسکیں گی۔ اس کے علاوہ کہیں بھی فلموں کے علاوہ ٹیلیویژن پروگرامز دیکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
امریکہ میں اس آئی پیڈ کی بہت زیادہ طلب کے باعث بین الاقوامی سطح پر اس آلے کو مارکیٹ کرنے کے پروگرام کو کئی مرتبہ موخر کرنا پڑا۔ امریکہ میں اس کی لانچ اپریل میں کی گئی تھی جبکہ بین الاقوامی سطح پر اس کی عام فروخت کا عمل ابتدائی مقررہ تاریخ سے ایک ماہ بعد شروع کیا گیا۔
یہ آئی پیڈ آسٹریا، بلیجیم ،ہانگ کانگ، لکسمبرگ، نیوزی لینڈ، میکسیکو، سنگاپور، آئرلینڈ اور ہالینڈ میں جولائی کے مہینے میں فروخت کے لئے دستیاب ہوگا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین