برازیل: کورونا کے سبب ہلاکتیں ایک لاکھ سے بڑھ گئیں
9 اگست 2020- عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4,998,017
- عالمی سطح پر کووڈ انیس کے سبب ہلاکتیں 726,786
- برازیل میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتیں 100,477
- امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتیں 162,425
- بھارت میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتیں 43,379
لاطینی امریکی ملک برازیل میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتوں کی تصدیق شدہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 30 لاکھ 12 ہزار ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 100,477 ہو چکی ہے۔ برازیل امریکا کے بعد اس مہلک وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
اس نئے کورونا وائرس کی سبب برازیل میں پہلی 50 ہزار ہلاکتیں تین ماہ کے عرصے میں ہوئی تھیں جبکہ دوسری 50 ہزار ہلاکتیں محض 50 دن کے دوران ہوئی ہیں۔
امریکا بدستور کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک
امریکا میں کورونا سے متاثرین کی تصدیق شدہ تعداد 50 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
امریکی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اتوار نو اگست کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 4,998,017 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ وہاں کووڈ انیس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 162,425 ہے۔
بھارت اور پاکستان میں صورت حال
بھارت عالمی سطح پر کورونا وائرس سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اس مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 21 لاکھ 53 ہے جبکہ وہاں کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتیں 43,379 ہیں۔
پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 283,487 ہے جبکہ وہاں کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد 6,068 ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان میں منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس کی یہ نئی قسم اب تک عالمی سطح پر 726,786 ہلاکتوں کی وجہ بن چکی ہے جبکہ عالمی سطح پر اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تصدیق شدہ تعداد دو کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
ا ب ا / ش ح (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)