برلن: کورونا کا خطرہ، سائیکل سواروں کے لیےاضافی ٹریکس مختص
20 اپریل 2020جرمنی کی قومی شاہراہیں دنیا بھر میں تیز رفتار ڈرائیونگ کے لیے مشہور ہیں لیکن آج کل کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کافی کم ہو چکا ہے۔ ایسے میں برلن کے شہریوں میں سائیکلنگ کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ تاہم سائیکل سواروں کو بھی اس وبائی صورت حال میں خود کو وائرس سےمحفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا پڑتا ہے۔
برلن کے فریڈریش ہائن اور کروئزبرگ ضلع میں سڑکوں اور پارکس کے ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ فیلکس وائسبرخ کے مطابق سائیکلنگ کے دوران سائیکل سوار وں کو آپس میں کم از کم ڈیڑھ میٹر یعنی پانچ فُٹ تک کا فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے۔
کووِڈ انیس کے وبائی مرض پھیلنے کی شروعات کے بعد سے ہی وائسبرخ نے سڑکوں پر گاڑیوں کے ٹریک کم کر کے سائیکل سواروں کے لیےعارضی طور پر مختص کر رہے ہیں۔ انہوں نے بعض علاقوں میں سائیکل سواری کے لیے مخصوص ٹریکس کو مزید چوڑا کر دیا اور جہاں سائیکل سواروں کے لیے الگ ٹریکس موجود نہیں تھے وہاں نئے ٹریک کمیشن کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس: یورپ میں پابندیوں میں نرمی کا آغاز
کووڈ انیس نقل و حرکت کے طریقوں کو بدل رہا ہے
نئی قسم کے کورونا وائرس کے وبائی مرض کی وجہ سے روزمرہ کے طرز زندگی میں بہت ساری تبدیلیاں وقع پذیر ہو رہی ہیں، جیسے کہ سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو سڑکوں پر مزید جگہ فراہم کرنا۔ ایک طویل عرصے سے یہ عمل شاید ناممکن لگتا تھا۔ وائسبرخ کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد اس وبائی مرض کے دوران کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور حتیٰ کہ صحافیوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنا ہے اور اس وجہ سے شاید پبلک ٹرانسپورٹ جیسے کہ بسیں اور سب وے ٹرینوں میں بھی لوگوں کا رش کم ہوسکتا ہے۔
آج کل سڑکوں پر چالیس فیصد تک کم ٹریفک ہے کیونکہ بہت سارے افراد اب گھروں سے کام کر رہے ہیں۔ یہ وبائی بحران اچانک سے سائیکل سواروں کے لیے ایک بہترین موقع بن گیا ہے۔ یہاں تک کہ بعض سیاستدان بھی شہریوں کو دو پہیئوں کی سواری پر سفر کرنے اور بھیڑ بھاڑ والی ٹرینوں سے بچنے کی تاکید کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: میرکل نے اپنی خریداری خود کر کے عوام کو مثبت پیغام دیا ہے
جرمن شہروں اور قصبوں میں عموماﹰ سائیکلنگ بہت پسند کی جاتی ہے لیکن گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں اور سائیکل سواروں کے درمیان ان بن بھی معمول کا حصہ ہے۔ برلن کے شہریوں کو کورونا کے جزوی لاک ڈاؤن کی صورت حال کے بعد ایسی خالی سڑکوں پر سائیکل سواری کا موقع دوبارہ شاید نہیں مل سکے گا۔
ع آ / ع ح (لِنڈا فیئر ایکے)