بریگزٹ: برطانیہ کی رخصتی کی گھڑی آن پہنچی
31 جنوری 2020آج شب بارہ بجے کے بعد برطانوی لوگ یورپی یونین کے شہری نہیں رہیں گے۔
یکم فروری سے آئندہ گیارہ ماہ کے دوران ای یو اور برطانیہ کو مستقبل کے تعلقات طے کرنے ہونگے۔ اس دوران برطانیہ یورپی یونین کے قوانین پر عمل کرنے کا پابند رہے گا۔ تاہم برطانیہ اب یورپی یونین میں قانون سازی کے عمل سے باہر ہوگا۔ اس کے علاوہ یورپی پارلیمان یا کسی دوسرے ادارے میں بھی برطانیہ کا کوئی رکن نہیں ہوگا۔
گیارہ ماہ کی عبوری مدت تک برطانیہ سنگل مارکیٹ، کسٹم یونین میں رہے گا اور وہ یورپی یونین کے بجٹ میں اپنا حصہ دیتا رہے گا۔ اس دوران برطانیہ دیگر ممالک کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے طے نہیں کر سکے گا۔
برطانوی شہری یورپی یونین کے ممالک میں آزادانہ سفر کر سکیں گے۔ وہ جہاں بھی ہیں اپنی ملازمت اور تعلیم جاری رکھ سکیں گے جبکہ برطانیہ میں یورپی یونین کے شہریوں کو بھی یہ تمام حقوق حاصل رہیں گے۔
یورپی یونین اور برطانوی حکومت کو یکم جنوری 2021ء تک مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے حتمی معاہدہ طے کرنا ہوگا، جس کے لیے اس سال تئیس مارچ سے مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوجائےگا۔
ع آ / ش ج (راب مَج)