1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلائنڈ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا لاہور میں آغاز

عاصمہ کنڈی
8 جنوری 2018

پاکستان میں چھٹے بلائنڈ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پیر کو کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2qVN3
Chricket Bangladesch Gaddafi-Stadion Lahore
تصویر: DW/Tariq Saeed

پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ چالیس اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنا سکی۔ جواب میں اوپنر بدر منیر کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے اپنا ہدف با آسانی 17ویں اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔ بدر منیر نے 24 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ دوسرے اوپنر عامر اشفاق نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھیالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل لاہور کی سرد صبح بنگلہ دیشی اوپنر عارف اللہ نے نصف سینچری بنائی لیکن مہمان ٹیم کی اننگز کا دوسرا بہترین اسکور 33 رہا، جو محمود راشد نے بنایا۔ پاکستان کی جانب سے مین آف دی میچ بدر منیر نے تین اور ساجد نواز اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہارون رشید نے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

Crickt World Cup im Behindertensport Pakistan - Bangladesch
تصویر: DW/T. Saeed

کتابوں تک نابیناؤں کی رسائی، تاریخی سمجھوتہ

سنگل لیگ کی بنیا د پر ہونیوالے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے علاوہ دفاعی چیمپئن بھارت، آسٹریلیا، سری لنکا اور نیپال کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کر رہی ہے۔ بھارتی بلائنڈ ٹیم کو مودی سرکار سے پاکستان میں کھیلنے کی اجازے دینے سے انکار کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کے تمام میچز عجمان منتقل کر دیے ہیں۔

بلائنڈ کرکٹ، ’نابیناؤں کی کرکٹ نہیں رہی‘

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیرمین سلطان شاہ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ بھارتی ٹیم براستہ واہگہ بارڈر لاہور آنے کے لئے بنگلور سے دہلی پہنچ گئی تھی لیکن انہیں بھارتی وزارت خارجہ نے این او سی جاری نہیں کیے۔ سلطان شاہ کے مطابق اگر بھارتی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گئی تو فیصلہ کن میچ 19 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ہی کھیلا جائے گا۔

Crickt World Cup im Behindertensport Pakistan - Bangladesch
تصویر: DW/T. Saeed

پاکستان 2006ء کے بعد پہلی بار بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ سلطان شاہ نے بتایا کہ بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں۔ حکومت پاکستان نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے ہر ممکن انتظامات کیے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے میچز پاکستان اور عجمان میں کھیلے جائیں گے۔ سلطان شاہ کے مطابق اگر بھارت فائنل کے لئے کوالیفائی نہ کر سکا تو فائنل لاہور میں ہوگا۔ سلطان شاہ نے مزید بتایا کہ بھارت کے پاکستان میں حامی بھرنے کے بعد ہم نے یہاں ورلڈ کپ کرانے کی تیاریاں کی تھیں۔ اتوار کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ہونیوالی رنگا رنگ افتتاحی تقریب اس کا ثبوت ہے لیکن آخری موقع پر کھیل پر سیاست حاوی ہوگئی۔

سلطان شاہ کے بقول منگل کو پاکستان اپنا دوسرا میچ گوجرانوالہ میں نیپال سے کھیلے گا۔ بدھ کو بنگلہ دیش اور نیپال کا میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ماضی میں دو مرتبہ 2002ء اور 2006ء میں بلائنڈ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔