بلیک چاکلیٹ دل کے مریضوں کے لیے مفید
4 جون 2012ریسرچرز کا کہنا ہے کہ بلیک یا ڈارک چاکلیٹ کا ایک طویل عرصے تک مسلسل استعمال، ہارٹ اٹیک یا دل کے دورے اور فالج کے خطرات سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
ملبرن کی مناش یونیورسٹی کی طرف سے دو ہزار سے زائد آسٹریلوی باشندوں پر کروائی جانے والی اس تحقیق سے پتہ چلا کہ روزانہ 100 گرام یا 3.5 اونس چاکلیٹ جس میں 70 فیصد یا اس سے بھی زیادہ کوکوا شامل ہوتا ہے، کھانے والے افراد میں دل کے امراض جنم لینے کے امکانات بہت کم پائے گئے۔
اس نئی تحقیق میں شامل محققین کی ٹیم کی سربراہ ’ایلا زومر‘ کے مطابق ان کی ٹیم نے دوران تحقیق یہ اندازہ لگایا ہے کہ دل کے ہر 10 ہزار مریضوں کو 70 مہلک اور 15 غیر مہلک واقعات رونما ہونے سے بچایا جا سکتا تھا اگر انہوں نے دس سال تک کوکوا سے بنی ڈارک چاکلیٹ کا پابندی سے استعمال کیا ہوتا۔
برطانوی طبی جریدے ’برٹش میڈیکل جرنل‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں دل کے امراض میں مبتلا انسانوں کے علاج کے ساتھ ساتھ ڈارک چاکلیٹ تھراپی کے بہت کامیاب تجربوں کا پتہ چلا ہے۔ اس طرح ممکنہ اموات اور قلبی امراض کے مہلک ہونے اور نہ ہونے دونوں کیسز میں ڈارک چاکلیٹ پابندی سے کھانے والوں اور ایسا نہ کرنے والوں میں واضح فرق پایا گیا ہے۔
ہائی کوکوا چاکلیٹس اس لیے فائدہ مند ہے کہ اس میں ’اینٹی آکسیڈنٹ کیمیکل‘ یا مائع تکسید پایا جاتا ہے جسے طبی اصطلاح میں ’پولی فینول‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا کام خون کی شریانوں کو سکڑنے سے روکنا اور انہیں کشادہ رکھنا ہوتا ہے۔ اس لیے یہ ہائی بلڈ پریشر یا بلند فشار خون کے خلاف موئثر ثابت ہوتا ہے اور اس کا مسلسل استعمال جسم میں خون کی گردش کو درست رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ گرین ٹی یا سبز قہوہ اور گہرے رنگ کے پھلوں میں بھی ’پولی فینول‘ بکثرت پایا جاتا ہے۔ مثلاٍ سُرخ سیب اور بلو بیریز میں’پولی فینول‘ بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔
Km/hk(AFP)