1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فائرنگ، چینی شہری محفوظ مقام پر منتقل

31 جولائی 2019

متنازعے علاقے کشمیر میں پاکستانی اور بھارتی فورسز کے مابین جھڑپ کے باعث پاکستان نے پچاس چینی شہریوں کو علاقے سے نکال لیا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر جھڑپوں کے باعث تین افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

https://p.dw.com/p/3N5Fc
Pakistan Kaschmir Grenze zu Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق  یہ چینی شہری پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں نیلم اور جہلم دریا پر  ایک ڈیم کی تعمیر پر کام کر رہے تھے۔ لیکن بھارت کی جانب سے فائرنگ کی وجہ سے پاکستان کی فوج نے ان چینی شہریوں کو اس علاقے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ایک مقامی اہلکار راجہ شاہد محمود کا کہنا ہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فانرنگ سے تین افراد کی ہلاکتوں کے بعد چینی شہریوں کو یہاں سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمود کے مطابق مقامی مساجد میں بھی اعلان کیے گئے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ’یوٹرن‘، بھارت سرکار حیران

جموں و کشمیر میں دس ہزار اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات

پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا،'' پاکستانی سکیورٹی فورسز سویلین آبادی کو محفوظ بنانے کی تمام تر کوشش کریں گی۔‘‘ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی برقرار ہے۔ اس سال فروری میں بھارتی فضائیہ کے جہازوں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ پاکستان نے اس دعوے کے اگلے روز بھارتی فضائیہ کا ایک جہاز گرا دیا تھا اور پائلٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔

پاکستان اور بھارت دونوں ہی کشمیر کے مکمل علاقے پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین کشمیر کے معاملے پر سن دو ہزار تین میں سیزفائر کا ایک باقاعدہ معاہدہ بھی طے پایا تھا۔ تاہم دونوں ہمسایہ ممالک درجنوں مرتبہ اس جنگ بندی ڈیل کی خلاف ورزی کر چکے ہیں۔ بھارت اور پاکستان اس خلاف ورزی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

ب ج، ع ت