1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت 'جمہوریت کی ماں' لیکن مودی 'منافقت کے باپ'، کانگریس

جاوید اختر، نئی دہلی
16 فروری 2023

بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے رویے اور اقدامات سے دنیا بھر میں بھارت کے امیج کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بالخصوص ایسے وقت میں جبکہ بھارت جی ٹوئینٹی گروپ کی میزبانی کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4NY6d
Usbekistan Samarkand | SOC GIpfeltreffen - Narendra Modi
تصویر: Sergei Bobylev/Sputnik/Kremlin Pool Photo/AP/picture alliance

کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر حالیہ انکم ٹیکس چھاپے کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت کے چوتھے ستون کو منہدم کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی کوئی  وزیر اعظم مودی کے ماضی کے متعلق سوال کرتا ہے تو اسے لازماً "چھاپے" کا نشانہ بننا پڑتا ہے۔

کانگریسی رہنما کا کہنا تھا، "جمہوریت کے چوتھے ستون کو منہدم کرنا 'نئے بھارت' میں اب معمول کی بات ہوگئی ہے۔ مودی جی نے 'اسٹارٹ اپ انڈیا' شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس 'امرت کال'(دور آب حیات) میں یہ ملک 'شٹ اپ انڈیا' بن گیا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ بھارت اس سال جی ٹوئنٹی کی میزبانی کر رہا ہے، ملک بھر میں اہم تقریبات منعقد کیے جارہے ہیں، آنے والے مہینوں میں تمام رکن ملکوں کے سربراہان بھارت آنے والے ہیں ایسے میں مودی دنیا کے سامنے بھارت کی کون سی تصویر پیش کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ "مودی حکومت بھارتی میڈیا کو کچلنے، ڈرانے دھمکانے اور تباہ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے کیونکہ ان میں سے چند ایک نے بی جے پی کے موقف کے آگے سرتسلیم خم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔"

پون کھیڑا کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئ ادارہ وزیر اعظم مودی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے تو حکومت اپنی ایجنسیوں کو بھیج کر اسے خاموش کرانے کی کوشش کرتی ہے
پون کھیڑا کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئ ادارہ وزیر اعظم مودی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے تو حکومت اپنی ایجنسیوں کو بھیج کر اسے خاموش کرانے کی کوشش کرتی ہےتصویر: Javed Akhtar/DW

ناقدین کو ملک دشمن قرار دینا عام بات

پون کھیڑا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے خود ہی بھارت کو "جمہوریت کی ماں" قرار دیا تھا لیکن اپنے عمل اور اقدامات سے وہ "منافقت کے باپ" بن گئے ہیں۔

کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی کو مختلف غیر ملکی اداروں سے متعدد اعزازات حاصل ہوئے ہیں اور وہ عوامی طور پراس کا ذکر فخریہ انداز میں کرتے بھی ہیں لیکن جب بعض غیر ملکی اداروں نے ان کی کارکردگی اور طریقہ کار پر سوالات اٹھائے تو ان پر "چھاپے" پڑ گئے اور انہیں "ملک دشمن" قرار دے دیا گیا۔

بھارت: پانچ برس میں صحافیوں پر 198حملے، 40 صحافی ہلاک ہوئے

کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ "جب نریندر مودی اس ملک کے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے تھے اس وقت وہ اسی بی بی سی کے انتہائی عقیدت مند تھے، جس کا ثبوت ماضی کی ان کی تقریریں ہیں۔" 

پون کھیڑا کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی تنظیم یا ادارہ وزیر اعظم مودی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے تو حکومت اپنی ایجنسیوں کو بھیج کر اسے خاموش کرانے کی کوشش کرتی ہے۔

جمہوریت کے لیے تشویش ناک

پون کھیڑا کا کہنا تھا کہ یہ بھارت جیسے جمہوری ملک کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے بالخصوص اس لیے بھی کہ ہم جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں اور مودی حکومت اسے اپنے ایک کارنامے کے طور پر پیش کر رہی ہے۔

بھارتی صحافی صدیق کپّن اٹھائیس ماہ بعد جیل سے رہا

حکمراں بی جے پی کا کہنا ہے کہ بی بی سی نے وزیر اعظم کے امیج کو خراب کرنے کی سازش کے تحت اپنی دستاویزی فلم جاری کی تھی۔ حکومت نے بھارت میں اسے نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر ٹیکس حکام کے چھاپے

اپوزیشن کانگریس کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا، "اگر بی بی سی غیر ملکی سازش کا حصہ ہے تو بھارتی اخبارات اور ویب سائٹس دینک بھاسکر، نیوز کلک، نیوزلانڈری، این ڈی ٹی وی، دی وائر، دی کوئنٹ کیا ہیں، اور یہ ایک طویل فہرست ہے۔ کیا یہ سب غیر ملکی سازش کا حصہ ہیں؟ اور اگر یہ واقعی غیر ملکی سازش کا حصہ ہیں تو آپ کی خارجہ پالیسی کہاں چلی گئی؟"