1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: فوج میں اب عورتوں کا بھی حکم چلے گا

جاوید اختر، نئی دہلی
17 فروری 2020

بھارتی سپریم کورٹ نے آج ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے آرمی میں خواتین کو بھی مرد افسران کے مساوی اختیارات اور مستقل کمیشن دینے کا حکم دے دیا۔

https://p.dw.com/p/3XsuL
Indien Neu Delhi | Weibliche Offiziere in der indischen Armee
تصویر: Mohsin Javed

جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس اجے رستوگی کی بنچ نے کہا کہ خواتین کی جسمانی خصوصیات کا ان کے اختیارات سے کوئی تعلق نہیں ہے اوران کے حوالے سے دقیانوسی سوچ والی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

عدالت نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے دلائل تفریق پر مبنی،پریشان کن اوردقیانوسی ہیں۔ حکومت نے اپنی دلیل میں کہا تھا کہ مرد فوجیوں کی ابھی تک خواتین کو کمانڈر کے روپ میں تسلیم کرنے کی تربیت ہی نہیں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کو زچگی، ماں بننے اور بچوں کی نگہداشت جیسی ذمہ داریاں درپیش رہتی ہیں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ صنف کی بنیاد پر امتیازی سلوک کرنا خواتین کے وقار کے منافی اور ملک کی توہین ہے۔ عدالت عظمٰی نے خواتین کی صلاحیت اور قابلیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کمانڈ پوسٹ پر بھی تعینات کیے جانے کا پورا حق ہے۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو تین ماہ کے اندر فیصلہ نافذ کرنے کاحکم دیا۔

 سابق لیفٹیننٹ جنرل اتپل بھٹاچارجی نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا”یہ خیال کہ خواتین بھی فوج کی کمان کرسکتی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اس سال یوم جمہوریہ پریڈ اور آرمی ڈے پریڈ کے موقع پر پریڈ کرنے والے دستے کی کمان ایک خاتون افسر نے کی تھی لیکن اصل بات یہ ہے کہ مذکورہ خاتون افسر کی چارنسلیں فوج سے وابستہ رہی ہیں اس لیے انہوں نے نہایت سمجھ بوجھ اور پورے اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داری کو انجام دیا۔ انجینئرنگ کور کی کچھ کمپنیوں میں خواتین نے کمان سنبھالی ہے لیکن فیلڈ کمانڈر بننے میں کچھ مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔“

جنرل بھٹا چارجی کا مزید کہنا تھا”اسرائیل میں خواتین بھی وارزون میں جاکر جنگ لڑتی ہیں لیکن ہمارے ملک میں ابھی اس میں وقت لگے گا کیوں کہ ابھی ہم بہت سے معاملات میں پیچھے ہیں اور اگر خواتین کو بھی وارز ون میں قیادت کرنے کے لیے بھیج دیا جائے توکچھ گڑبڑ ہوسکتی ہے۔ ملک میں کئی محاذوں پر ترقی ہونی چاہیے اس کے بعد ہی خواتین وارزون کی کمان سنبھال سکیں گی۔“

 سابق فوجی سربراہ اور موجودہ چیف آف ڈیفینس اسٹاف جنرل بپن راوت نے دو برس قبل یہ کہہ کر تنازع کھڑا کردیا تھا کہ خواتین کو ابھی زیادہ پرائیوسی اور تحفظ کی ضرورت ہے اور بھارت ابھی محاذ پر مرنے والی خواتین کی لاش اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہے۔

Indien Neu Delhi | Tina Shregil leitet die Delhi Republic Day Parade
ٹینا شیرگل بھارت کے یوم جمہوریہ پر بھارتی فوج کی پریڈ کی قیادت کر رہی ہیں۔تصویر: Mohsin Javed

دوسری طرف خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے عدالت کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمان اور سپریم کورٹ کی وکیل میناکشی لیکھی نے عدالت کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’اس فیصلے کے لیے میں عدالت کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ سپریم کورٹ نے آج واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ جو اختیارات مرد افسران کے پاس ہیں وہی اختیارات خواتین افسران کو بھی حاصل ہوں گے۔ وہ اب کمانڈنگ پوسٹ اور دیگر پوسٹوں پر بھی فائز ہوسکیں گی۔ وہ جہاں تک چاہے ترقی کرسکتی ہیں اس کی کوئی حد نہیں ہوگی۔“

یہ امر قابل ذکر ہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے 2010 ء میں خواتین کو بھی مرد افسران کے مساوی اختیارات دینے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ شارٹ ٹرم کمیشن کے ذریعہ آرمی میں بھرتی ہونے والی خواتین بھی مردوں کی طرح مستقل کمیشن کی حقدار ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔

مرکزی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے نو برس بعد فروری 2019 ء میں ایک نوٹیفیکشن جاری کیا تھا جس کے تحت خواتین فوجی افسران کو فوج کی مجموعی طورپر دس شعبوں میں مستقل کمیشن دینے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن یہ صرف ان خواتین افسران کے لیے تھی جو چودہ برس سے کم مدت سے سروس میں ہوں۔ اس کے علاوہ یہ اجازت صرف اسٹاف پوسٹنگ کے لیے تھی، کمانڈ پوسٹنگ کے لیے نہیں۔ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کے بعد یہ دونوں پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔

رکن پارلیمان میناکشی لیکھی کا کہنا تھا ”اس معاملے پر فیصلہ آنے میں دس برس کا وقت لگ گیا۔ حالانکہ 2018 ء میں ہی بھارت سرکار نے اس کا ارادہ کیا تھا اور وزیر اعظم نے لال قلعہ کی فصیل سے یہ بات کہی بھی تھی لیکن اس میں تھوڑی تاخیر ہوئی۔ حکام نے اسے نافذ نہیں کیا اور آرمی اتھاریٹیز نے جس طرح گمراہ کیا تھا عدالت نے اس کے بار ے میں بھی آبزرویشن دی ہے۔“

بھارت میں اس وقت خواتین فوج میں دس سے چودہ برس کے شارٹ سروس کمیشن کے تحت منتخب کی جاتی ہیں۔ انہیں صرف آرمی سروس کور، اسلحہ،تعلیم، انصاف، انجینئرنگ، سگنل، انٹلی جنس، الیکٹریکل اور میکانیکل انجینئرنگ کے شعبوں میں تعینات کیا جاتا ہے۔ آرمی میں اس وقت خواتین کی تعداد تین اعشاریہ آٹھ فیصد، فضائیہ میں تیرہ فیصد اور بحریہ میں چھ فیصد ہے۔

ج ا/ ک م/ ایجنسیز

 

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں