1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں پرتھوی 2 کا کامیاب تجربہ

9 جون 2011

بھارت نے پرتھوی ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو تین سو پچاس کلو میٹر تک ہدف کا نشانہ بنا سکتا ہے۔ کم فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Xcr
تصویر: AP

بھارت نے جمعرات کو نیوکلیئر ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے پرتھوی دو کا مشرقی ساحل پر کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ریاست اڑیسہ کے علاقے چندی پور میں واقع ایک ٹیسٹ رینج سے فائر کیے جانے والے اس میزائل کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔

بھارتی وزارت دفاع کے مطابق، ’’زمین سے زمین تک مار کرنے والے اس میزائل کا تجربہ صبح نو بج کر پانچ منٹ پر کیا گیا اور یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔‘‘ نو میٹر لمبے میزائل کو ٹیٹرا اریکٹر موبائل لانچر سے داغا گیا اور یہ خلیج بنگال میں اپنے درست ہدف تک پہنچا۔

No Flash Atomrakete
پرتھوی 2 کا یہ چوتھا کامیاب تجربہ ہےتصویر: AP

پرتھوی میزائل کا یہ تجربہ ہندوستانی افواج کی میزائل رجمنٹ اور ہندوستان کے دفاعی تحقیق اور ترقی کے ادارے ’ڈی آر ڈی او‘ نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ پرتھوی 2 کا یہ چوتھا کامیاب تجربہ ہے۔ قبل ازیں 2010ء میں بھی پرتھوی 2 کے تجربات کیے گئے تھے۔

بھارت نے پرتھوی سیریز کے پہلے میزائل یعنی پرتھوی ایک کا کامیاب دو ہزار آٹھ میں کیا تھا۔ یہ میزائل 150 سے 250 کلومیٹر کے فاصلے تک مار کر سکتا ہے۔

بھارت اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کے لیے کئی میزائلوں کی تیاری اور ان میں بہتری لانے میں مصروف ہے۔ بھارت میں یہ میزائل روایتی حریف پاکستان اور چین کی دفاعی صلاحیت کو مد نظر رکھ کر تیار کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں