جرمنی: حملے کا منصوبہ کے جرم میں آئی ایس حامی کو دس سال جیل
27 مارچ 2020ڈسلڈروف کی علاقائی عدالت نے اکتیس سالہ تیونس کے شہری سیف الان کو حیاتیاتی ہتھیار جمع کرنے اورپرتشدد تخریبی کارروائیوں کا منصوبہ بنانے کے الزام میں جمعرات کو یہ سزا سنائی ہے۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ سیف الان ایچ، جس کا پورا نام جرمن رازداری قانون کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا گیا ،2016 میں جرمنی آیا اور بعد میں ڈاکیے کی ملازمت حاصل کرلی۔ اسے اور اس کی بیوی کو کولون میں ان کے گھر سے جون 2018 میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے زہریلی حیاتیاتی ہتھیار ریزین تیار کرنے کے لیے بڑی مقدار میں ارنڈی کے بیج خریدے۔ استغاثہ کا مزید کہنا تھا کہ سیف الان کے گھر سے بم میں استعمال ہونے والے سامان بھی برآمد ہوئے تھے۔
کولون میں انٹلیجنس سروسز کی اطلاع کی بنیاد پر ان دونوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ سیف الان کی 44 سالہ بیوی کے خلاف الگ سے مقدمہ چلایا جائے گا۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ان دونوں نے 250 اسٹیل بیرنگ خریدے تھے اور دھماکہ خیز ہتھیار تیار کرنے کے آخری مرحلے میں تھے، جس سے دھماکہ ہونے کی صورت میں بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاک ہوسکتے تھے۔
انہوں نے بم تیار کرنے کا کام کولون کی گھنی آبادی والے چوروائلرعلاقے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں انجام دیا۔ اس دوران ان کے بچے بھی ان کے پاس موجود تھے۔
سیف الان نے اس بم کا ایک میدان میں تجربہ بھی کیا اور چوہے کی نسل کے ایک جانور ہمسٹر کو نشانہ بنایا تاہم وہ بچ گیا۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ سیف الان نے شام میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے جہادیوں میں شامل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہا۔
اس نے آئی ایس کے حامیوں سے درخواست کی کہ وہ اسے بم بنانے کی ترکیب سکھادیں۔
سیف الان نے گوکہ یہ تسلیم کرلیا ہے کہ وہ بم بنارہا تھا تاہم اس الزام کی تردید کی کہ اس کا جرمنی میں حملہ کرنے کا کوئی منصوبہ تھا۔
ج ا ص ز/ (ڈی پی اے، اے پی)