1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن سیاستدان کماتے کتنا ہیں؟

مقبول ملک Ines Eisele
21 ستمبر 2017

یہ بات یقینی ہے کہ جرمن سیاستدانوں کو فاقوں کا سامنا تو نہیں رہتا۔ سوال یہ ہے کہ یہ سیاستدان کماتے کتنا ہیں؟ جرمنی میں پیشہ ورسیاستدانوں کو جس قانونی نظام کے تحت سرکاری مالی ادائیگیاں کی جاتی ہیں، وہ کافی پیچیدہ ہے۔

https://p.dw.com/p/2kRnZ
جرمنی میں سب سے زیادہ ماہانہ تنخواہ پانے والے سیاست دان وفاقی صدر شٹائن مائر (دائیں) ہیں، جن کے بعد چانسلر میرکل کا نمبر آتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

جرمنی میں پیشہ ور سیاستدانوں کو ان کی خدمات کے عوض باقاعدہ تنخواہ کے نام پر تو کوئی ادائیگیاں نہیں کی جاتیں لیکن جتنا وقت ان کا سیاست میں صرف ہوتا ہے، اس کی وجہ سے کسی باقاعدہ آمدنی کے لیے اگر وہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ نہ دے سکیں، تو اس خسارے کی تلافی کے لیے انہیں جو ادائیگیاں کی جاتی ہیں، انہیں قانونی طور پر ’تلافی رقوم‘ اور عرف عام میں ارکان پارلیمان کے لیے ’الاؤنس‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ یعنی وہ مالی وسائل جن کی مدد سے کل وقتی پیشہ ور سیاستدان عزت سے اپنا گزارہ کر سکیں۔

جرمنی میں منتخب عوامی نمائندوں کو اس طرح جو ادائیگیاں کی جاتی ہیں، ماہرین کے مطابق وہ بہت تھوڑی نہیں ہوتیں۔ ایک مثال یہ کہ وفاقی جرمن پارلیمان کے کسی بھی رکن کو ماہانہ قریب ساڑھے نو ہزار یورو ادا کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر رکن کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے لازمی طور پر جو اخراجات کرنا پڑتے ہیں، اس مد میں بھی بنڈس ٹاگ کے ہر رکن کو 4318 یورو ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔

جرمن الیکشن سے قبل میرکل کی پارٹی کی مقبولیت میں کمی، جائزہ

میرکل کے حریف سوشل ڈیموکریٹ مارٹن شلُس کون ہیں؟

جرمنوں کے لیے دہشت گردی اور مہاجرت ’خطرات‘، مطالعاتی رپورٹ

ان رقوم سے منتخب سیاستدان اپنے وہ اخراجات پورے کرتے ہیں، جن کی ان کی طرف سے بہتر پیشہ ورانہ کارکردگی متقاضی ہوتی ہے، یعنی پارلیمان کے قریب کوئی رہائش اور کھانے پینے کے علاوہ سفر کے اخراجات بھی۔ یہی نہیں وفاقی جرمن پارلیمان کے ہر رکن کو سالانہ زیادہ سے زیادہ 12 ہزار یورو اس مد میں بھی ادا کیے جاتے ہیں کہ وہ اپنے دفاتر وغیرہ کو مناسب دیکھ بھال کے ساتھ اچھی حالت میں رکھ سکے۔

Infografik Jahresbezüge internationaler Spitzenpolitiker
سب سے زیادہ سالانہ تنخواہیں پانے والے بین الاقوامی سیاستدانوں کی فہرست

دفتری اخراجات کی اسی مد میں کسی رکن پارلیمان کا اپنے لیے کوئی نیا سمارٹ فون خریدنا یا اپنے دفتر کے لیے کوئی نئی کافی مشین خریدنا بھی آتے ہیں۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ 12 ہزار یورو سالانہ ہر رکن کو پہلے ادا نہیں کیے جاتے بلکہ کوئی بھی رکن یہ رقوم خرچ کرنے کے بعد رسیدیں جمع کرا کے پارلیمانی انتظامیہ کے شعبہ مالیات سے واپس لے سکتا ہے۔

جرمن ارکان پارلیمان کو کی جانے والی ان مالی ادائیگیوں میں گزشتہ اضافہ اسی سال جولائی میں کیا گیا تھا۔ ان کو کی جانے والی ان ادائیگیوں میں ہر سال خود بخود اضافہ ہو جاتا ہے۔

اس اضافے کی شرح کا تعلق اس بات سے ہوتا ہے کہ اسی سال جرمنی میں عام کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافے کی شرح کیا رہی۔

ان ادائیگیوں کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ منتخب ارکان اگر وفاقی کے بجائے صوبائی پارلیمان کے ارکان ہوں، تو ان کو کی جانے والی یہی ادائیگیاں کافی مختلف ہوتی ہیں۔

مثال کے طور پر شمالی جرمنی کی شہری ریاست ہیمبرگ میں ایک رکن پارلیمان کو ماہانہ صرف  2641 یورو ادا کیے جاتے ہیں، جن کے ساتھ انہیں اخراجات کی مد میں ملنے والی رقم صرف 350 یورو ہوتی ہے۔

اس کے برعکس سب سے زیادہ آبادی والے جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی شہر ڈسلڈورف میں واقع صوبائی پارلیمان کے ارکان کو ماہانہ 9500 یورو ملتے ہیں لیکن اس کے علاوہ انہیں اخراجات کی مد میں کوئی علیحدہ ادائیگیاں نہیں کی جاتیں۔

Symbolbild Korruption Bestechung
جرمن سیاستدانوں کی تنخواہیں اتنی ہوتی ہیں کہ انہیں رشوت لینے کی ضرورت ہی نہیں پڑتیتصویر: Colourbox/Wolfgang Zwanzger

بات اگر جرمن سیاستدانوں کی آمدنی کی ہو تو ایک اہم سوال یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ ملکی سطح کے مشہور سیاستدان، جیسے صدر، چانسلر اور کابینہ کے ارکان کتنا کماتے ہیں؟ جرمنی میں سب سے زیادہ تنخواہ وفاقی صدر کی ہوتی ہے۔ موجودہ صدر فرانک والٹر شٹائن مائر ہیں، جن کی تنخواہ وفاقی چانسلر میرکل کی تنخواہ سے قریب 10 فیصد زیادہ ہوتی ہے۔ جرمن صدر شٹائن مائر کا ماہانہ سرکاری اعزازیہ 20911  یورو ہے جبکہ وفاقی چانسلر میرکل کی ماہانہ تنخواہ 18820 یورو ہے۔

جرمنی میں ایک وفاقی وزیر کی ماہانہ تنخواہ قریب 15 ہزار یورو ہے اور یہ تنخواہیں بس ویسے ہی ادا نہیں کی جاتیں بلکہ ان کی مالیت کا تعین وفاقی وزراء کی آمدنی اور فرائض سے متعلق ملکی قانون کے تحت کیا جاتا ہے۔

عالمی سطح پر جرمن چانسلر میرکل کے مقابلے میں بیرونی ممالک کے ایسے اعلیٰ ترین سیاستدانوں یا سربراہان مملکت و حکومت کی تعداد بہت کم ہے، جن کی تنخواہیں انگیلا میرکل سے بھی زیادہ ہیں۔ انگیلا میرکل کی سالانہ تنخواہ قریب 226000 یورو بنتی ہے۔ دوسری طرف دنیا بھر میں اس وقت سب سے زیادہ سالانہ تنخواہ سنگاپور کے موجودہ وزیر اعظم لی سیئن لونگ لیتے ہیں، جو قریب 1.5 ملین یورو بنتی ہے۔ ان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام آتا ہے، جن کی کُل سالانہ تنخواہ قریب 333000 یورو کے برابر بنتی ہے۔

#فیصلہ جرمن عوام کا:انتخابی فہرست