جرمن شہریت حاصل کرنا آسان ہو گا، نیا قانون پیش کر دیا گیا
23 اگست 2023پارلیمان سے منظوری کے لیے اس نئے قانون کا مسودہ خاتون وزیر داخلہ نینسی فائزر کی طرف سے پیش کیا گیا، جس کے مطابق مستقبل میں جرمن شہریت کے لیے آٹھ کی بجائے پانچ سال قیام کے بعد اپلائی کیا جا سکے گا۔
تجویز کردہ مسودے کے مطابق، جو لوگ بہتر انضمام اور جرمن زبان میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کریں گے، وہ صرف تین سال کے بعد شہریت حاصل کر سکیں گے۔
نئے قانون کے تحت اصولی طور پر دوہری شہریت رکھنا بھی ممکن ہو جائے گا۔ تاہم ایسے افراد کو جرمن شہریت نہیں دی جائے گی، جنہیں سامیت مخالف یا نسل پرستانہ جرائم میں سزا مل چکی ہو۔
تاہم ابھی اس مسودے کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری ہونا باقی ہے۔ جرمنی کو ہنرمند تارکین وطن کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے جرمن شہریت حاصل کرنے کے قوانین کو دوسرے ممالک کی نسبت سخت قرار دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جرمن حکومت شہریت اور ویزہ حاصل کرنے کے قوانین کو نرم بنانا چاہتی ہے تاکہ یہ ملک ہنرمند تارکین وطن کے لیے پرکشش بن سکے۔
وزیر داخلہ نینسی فائزر کا اس موقع پر کہنا تھا، ''ہم بہترین اذہان کو اپنے ملک لانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے عالمی مقابلہ سخت ہے۔‘‘
نئے قانون کے تحت دوہری شہریت رکھنے کا راستہ بھی کھل جائے گا۔ دوہری شہریت کا حق ابھی تک یورپی یونین اور سوئس شہریوں تک ہی محدود رکھا گیا تھا جبکہ اس حوالے سے چند ایک ممالک کو استثنیٰ دیا گیا تھا۔
جرمنی کی شہریت سے متعلق قانون سازی میں ترمیم ایک کلیدی عہد تھا، جو چانسلر اولاف شولزکی قیادت والی مخلوط حکومت نے سن 2021 کے آخر میں کیا تھا۔
ا ا / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)