1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کو 2020ء میں ریکارڈ خسارہ

4 مارچ 2021

جرمنی کی قومی فضائی کمپنی لفتھانزا کو سن 2020 میں اربوں ڈالر کا خسارہ ہوا۔ کورونا وبا سے پیداشدہ صورت حال اس غیر معمولی بحران کا سبب بتایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3qCCk
Deutschland Lufthansa startet zu ihrem längsten Nonstop-Passagierflug
تصویر: Daniel Bockwoldt/dpa/picture-alliance

جرمن ایئرلائنز لفتھانزا نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ کووڈ انیس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کے سبب سن 2020 میں اسے ریکارڈ آٹھ ارب ڈالر (6.7 ارب یورو) کا خسارہ ہوا ہے۔ سن 2019 میں اس کمپنی نے 1.2 ارب یورو منافع کمایا تھا۔

لفتھانزا کے سی ای او کارسٹن اسفور نے کہا،'' کورونا وبا کا یہ سال ہماری کمپنی کی تاریخ میں سب سے زیادہ مشکلات والا سال رہا۔‘‘ ان کے بقول کورونا وائرس کی وبا کے سبب ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں اور سفری پابندیاں عائد کی گئیں جس کی وجہ سے اس کمپنی کو گزشتہ برس کے ابتدائی نو ماہ کے دوران تقریباً 5.6 ارب یورو کا نقصان اٹھانا پڑا۔

جرمن، بیلجیئم، آسٹریا اور سوئس حکومتوں نے سن 2020 میں اس جرمن کمپنی کو نو ارب ڈالر فراہم کرتے ہوئے اس کی مالی امداد کی تھی۔ اس کے بعد سے جرمن حکومت اس فضائی کمپنی کی سب سے بڑی شیئر ہولڈر ہے۔

لفتھانزا نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ صورت حال پر قابو پانے کی اپنی کوشش کے تحت وہ پروازوں کا ایک نیا پروگرام شروع کرنے جارہی ہے۔

ایئر لائنز نے کہا کہ وہ اپنے سب سے اہم ہوائی اڈوں میونخ اور فرینکفرٹ سے طویل مسافت کی 33 پروازیں شروع کرے گی۔

سی ای او کارسٹن اسفورکا کہنا تھا، ”گرمیوں سے ہماری  پروازوں میں اضافے کی توقع ہے۔ ایک بار جیسے ہی سفری بندشیں نرم ہونا شروع ہوں گی، مزید  منزلیں بھی اس فہرست میں شامل کی جائیں گی۔" انہوں نے تمام ممالک سے حتی الامکان جلد از جلدان بندشوں کو ختم کرنے کی اپیل بھی کی۔

اسفور نے مزید کہا، ”اب سفری پابندیوں اور قرنطینہ کی جگہ پر ڈیجیٹل ویکسینیشن، ٹیسٹ سرٹیفکیٹس کو بین الاقوامی طور پرتسلیم کرنے کا وقت ہے تاکہ لوگ اپنے عزیز و اقارب کے پاس جا سکیں، اپنے تجارتی ساتھیوں سے ملاقاتیں کر سکیں یا دیگر ملکوں اور ثقافتوں کے بارے میں جان سکیں۔"

لفتھانزا کے سی ای او نے سن 2021 کو کمپنی کے لیے ایک اور مشکل سال اور مزید نقصانات کے تئیں متنبہ بھی کیا۔

ج ا/ ع ا  (روئٹرز، ڈی پی اے)

لفتھانزا کے تکنیکی مرکز میں کیسے کام کیا جاتا ہے ؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں