1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن لڑکی کا مشتبہ قاتل، عراقی مہاجر جرمن حکام کے حوالے

10 جون 2018

ايک چودہ سالہ جرمن لڑکی کو قتل کرنے کے جرم میں مشتبہ عراقی مہاجر کو جرمنی واپسی پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بیس سالہ عراقی مہاجر سے فوراً پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zEBA
Deutschland Ankunft Ali B.
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

جرمن لڑکی سوسانا (ف) کے قتل کے الزام میں مطلوب اس عراقی نوجوان  کو عراق کے شمالی علاقے سے گرفتاری کے بعد ہفتے کے روز جرمنی منتقل کر دیا گیا۔ کردستان سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ عراقی پناہ گزین ’علی بی‘ کی جرمنی واپسی پر جرمن وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’وہ خوش ہیں کہ جرمن عدلیہ کو مطلوب شخص کو جرمنی واپس لایا گیا ہے۔‘

جرمن شہر فرينکفرٹ میں اس مشتبہ شخص کی آمد کے بعد پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسے ویزباڈن میں واقع مقامی پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم کو اتوار کے روز جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Deutschland Ankunft Ali B.
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

قبل ازیں جمعے کے روز عراقی کردستان کے شہر دہوک میں گرفتاری کے بعد مقامی جج کے سامنے ابتدائی تفتیش کے دوران علی بی نے اعتراف جرم بھی کر لیا تھا۔ دہوک میں ایک پولیس اہلکار طارق احمد نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ  علی کے مطابق جرمن لڑکی اس کی دوست تھی اور  ملزم نے اپنی 14 سالہ ’دوست‘ کو جنسی زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔

علی بی کون ہے؟

میڈیا رپورٹوں کے مطابق علی کا تعلق بنیادی طور پر کردستان سے ہے۔ علی اپنے والدین اور پانچ بہن بھائیوں کے ہمراہ سن دو ہزار پندرہ میں جرمنی آیا تھا۔ علی کی پناہ کی درخواست سن دو ہزار سولہ میں ہی مسترد ہو گئی تھی۔ اسے جرمنی سے ملک بدر کیا جانا تھا۔ تاہم اس نے اپنی اپیل کی سماعت کے عرصے تک کے لیے عبوری رہائش کا اجازت نامہ حاصل کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس دوران کئی مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے شبے پر علی سے تفتيش کی گئی۔

بیس سالہ علی اس واردات کے بعد اپنے کنبے سمیت جرمنی سے فرار ہو گیا تھا۔ جرمن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے معلوم کر لیا تھا کہ وہ واپس اپنے وطن لوٹ چکا ہے اور یوں عراقی سکیورٹی اداروں کے تعاون سے اس کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔

Mainz AfD Mahnwache im Mordfall Susanna
تصویر: DW/Astrid Prange

مائنز شہر کی 14 سالہ رہائشی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے جرم میں ملوث مجرم علی بی کی واردات کے نتیجے میں جرمنی میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف حکومت کی پناہ گزینوں کے حوالے سے پالیسیوں پر تنقید ہو رہی ہے تو دوسری جانب جنسی تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

ع آ / ع س (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں