1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن میوزک ڈائریکٹر کینسر کی گرفت میں

3 جولائی 2010

جرمنی کے عالمی شہرت کے اوپرا ہدایتکار کرسٹوف شلنگن زیف، پھیپھڑے کے سرطان کے عارضے کے دوسرے حملے کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس بیماری کے لاحق ہونے سے جرمن تخلیق کار فکر اور سوچ کے ارتکاز میں نقاہت محسوس کرنے لگے ہیں۔

https://p.dw.com/p/O9dV
جرمنی کے عالمی شہرت کے اوپرا ہدایتکار کرسٹوف شلنگن زیف

جرمنی اورکئی افریقی ملکوں میں اپنے فن کا جادو جگانے والے جرمن مغنی، تخلیق کار اور تھیئٹر کے معروف ہدایتکار کرسٹوف شلنگن زیف ایک بار پھر صاحب فراش ہو گئے ہیں۔ ان کے پھیپھڑے کا سرطان دوبارہ نمودار ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے وہ اس عارضے سے صحت یاب ہو کر تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے تھے لیکن دوسری بارسرطان کی شدت خاصی زیادہ ہے اور اس بار وہ سوچ کو مرتکز کرنے میں کمزوری محسوس کرنے لگے ہیں۔

کرسٹوف شلنگن زیف کی عمرانچاس سال ہے اوروہ بنیادی طورپرتھیئٹر کی دنیا میں کئی انداز کی اختراعات میں مصروف تھے۔ یہی اختراعی عمل ہی ان کی شہرت کا باعث بنا۔ اب ان کے اس فکری عمل کے راستے میں پھیپھڑے کا سرطان ایک بار پھر حائل ہو گیا۔ اپنی دلکش اختراعات سے انہوں نے شائقین موسیقی و تھیئٹرکو مسحور کردیا تھا۔

Christoph Schlingensief 23.05.2010
شلنگن زیف تھیئٹر کی دنیا میں اختراعات کے لئے مشہور ہیںتصویر: kampnagel.de

وہ تھیئٹر میں اداکاروں، موسیقی اور ویڈیو کے ساتھ ایک نئی تخلیقی شاہکار کو پیش کرنے کی کوششوں میں تھے۔ اس مناسبت سے جرمن علاقے روہر میں اگلے ماہ اگست سے شروع ہونے والے آرٹ فیسٹول میں وہ ایک زبردست پرفارمنس پیش کرنے کی خواہش رکھتے تھے۔

کرسٹوف شلنگن زیف کا ایک اور پراجیکٹ افریقی ملک برکینا فاسو میں’ اوپرا ولیج‘ کا قیام تھا۔ جرمن مصنفین اور اداکاروں کا اس پر اتفاق تھا کہ افریقی ملکوں کے لئے جرمن امداد میں کرسٹوف شلنگن زیف کا اوپرا صنف کی ترویج کے لئے ایک مکمل گاؤں بسانے کا خواب خاصا اہمیت کا حامل تصور کیا جا رہا تھا۔

جرمن تخلیق کار نے اپنی بیماری کی وجہ سے اس منصوبے کو بھی اپنی صحت یابی تک ملتوی کردیا ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ منصوبہ اب تقریباً منسوخی کی منزل پر پہنچ گیا ہے۔

کرسٹوف شلنگن زیف نے اپنی تخلیقی سرگرمیوں کو معطل کرتے ہوئے ایک خط تحریر کیا ہے اور اس میں واضح کیا ہے کہ وہ بیماری کی موجودہ نوعیت میں اتنی قوت اور ہمت نہیں رکھ پا رہے کہ ان پراجیکٹس کو مزید آگے لے جا سکیں۔

Bayreuther Festspiele á la Schlingensief
رچرڈ واگنر فیسٹول کےدوران پیش کئے گئے شلنگن زیف کے ڈرامے کی جھلکتصویر: AP/Bayreuther Festspiele - Jochen Quast

ان کا خیال ہے کہ ان منصوبوں پر مسلسل سوچ بچار اور جسمانی مشقت اب ان کی صحت کو مزید خراب کر سکتی ہے اور وہ اس مقام پر کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ بعض افراد کا خیال ہے کہ سرطان کی دوبارہ افزائش ان کی جان کے لئے خطرناک بھی ہو سکتی ہے۔

کرسٹوف شلنگن زیف کو اُس وقت عالمی توجہ حاصل ہوئی تھی جب انہوں نے جرمن قصبے بیروئیتھ میں موسم گرما کے دوران منعقد ہونے والے موسیقی کے فیسٹول میں عظیم موسیقار رچرڈ واگنر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اوپرا کی روایتی تخلیقات کو ایک نئی جہت بخشی تھی۔ بیرویئتھ کا رچرڈ واگنر فیسٹول عالمی شہرت کا حامل ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ