1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

080611 Merkel USA Auszeichnung

8 جون 2011

منگل کی شام امریکی صدر اوباما نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو تمغہء آزادی دیا۔ یہ امریکہ کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ہے۔ ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے عشائیے کے دوران دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری لانے کی کوشش بھی کی۔

https://p.dw.com/p/11X2T
تصویر: AP

قبل ازیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا کے خلاف پیش کی جانے والی قرار داد پر جرمنی نے حق رائے دہی محفوظ رکھنے کا اعلان کیا تھا اور امریکہ کو یہ بات ناگوار گزری تھی۔

امریکی صدر باراک اوباما نے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انگیلا میرکل کا استقبال کیا۔ جرمن چانسلر کو19 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ وائٹ ہاؤس میں 16برس بعد کسی جرمن چانسلر کے لیےاتنے باوقار انتظامات کیے گئے تھے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز سابق جرمن سربراہ حکومت ہیلمٹ کوہل کے حصے میں آیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرکا کہنا تھا کہ میرکل وہ پہلی خاتون سربراہِ حکومت ہیں، جن کو اس قدر عزت دی جا رہی ہے، ’’یورپ کے دل میں واقع جرمنی ہمارا ایک مضبوط اتحادی ہے۔ چانسلر میرکل میرے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں‘‘۔

NO FLASH USA Deutschland Obama Merkel Auszeichnung Medal of Freedom
وائٹ ہاؤس میں 16برس بعد کسی جرمن چانسلر کے لیےاتنے باوقار انتظامات کیے گئے تھےتصویر: dapd

انگیلا میرکل کا کہنا تھا کہ ان کو تمغہ آزادی سے نوازا جانا دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات کی ایک مثال ہے۔ لیکن ساتھ ہی چانسلر نے یہ بھی کہا کہ بہتر تعلقات کے باوجود دونوں ممالک کے خیالات ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ لیبیا کے بارے میں تضادات ابھی بھی موجود ہیں، ’ہر کوئی سب کچھ نہیں کر سکتا‘۔

امریکی سفارت کار رابرٹ جیرالڈ لی وِنگسٹن کا کہنا ہے کہ جرمن ’انکار‘ سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں ممالک میں تعلقات کی نوعیت اب تبدیل ہو چکی ہے۔ وہ بتاتے ہیں، ’’ سرد جنگ کے دوران جرمنی کو کوئی بھی رائے دینے سے پہلے کئی مرتبہ سوچنا پڑتا تھا۔ اس وقت دفاعی لحاظ سے جرمنی کا انحصار امریکہ پر تھا۔ روس اب کوئی خطرہ نہیں رہا۔ یہی وجہ ہے کہ جرمنی اب کھل کر اظہار رائے کرتا ہے۔‘‘

لی ونگسٹن کے مطابق یہی وقت ہے کہ جرمنی دنیا کے سیاست میں اپنا کردار بڑھا سکتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ جرمنی مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا ساتھ دے۔ اگر جرمنی مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا ساتھ دیتا ہے تو اس کا یہ بھی مطلب ہوگا کہ جرمن امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عدنان اسحاق