1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر یورو زون اجلاس کی کامیابی کے لیے پر امید

18 جولائی 2011

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امید ظاہر کی ہے کہ اس ہفتے ہونے والے یورو زون کے اجلاس کے ذریعے مارکیٹس کو ایک مثبت اور طاقتور پیغام دیا جا سکے گا۔

https://p.dw.com/p/11yvR
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: dapd

جرمن چانسلر نے یورپ کے مالیاتی بحران، بالخصوص یونان کی خستہ اقتصادی صورت حال کے تناظر میں بلائے جانے والے یورو زون کے اجلاس کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن سے جاری کردہ ایک بیان میں چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ یورو کو اپنی تاریخ کے سنگین ترین بحران کا سامنا ہے، تاہم وہ اس سے نبرد آزما ہونے میں کامیاب ہو جائے گا۔

انگیلا میرکل کا کہنا تھا: ’’جرمن حکومت جمعرات کو ہونے والے اجلاس کی ہر سطح پر تیاری کر رہی ہے تاکہ اجلاس کا اچھا نتیجہ سامنے آئے اور مارکیٹوں کو ایک واضح پیغام مل سکے۔‘‘

چانسلر میرکل کے ترجمان اشٹیفن زیبیرٹ کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا۔

George Papandreou EU Gipfel NO FLASH
یورپی یونین میں شامل ممالک کے سربراہ یورپی یونین کے ایک اجلاس کے دورانتصویر: dapd

خیال رہے کہ جمعہ کے روز یورپی یونین کے صدر ہرمان فان رومپوئے نے اس ہفتے جمعرات کے روز یورو زون میں شامل ممالک کا سربراہی اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

یورپی ممالک یونان، آئرلینڈ اور پرتگال کو اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی ضرورت ہے۔ ماہرین معیشت کے مطابق اٹلی اور اسپین بھی معاشی بحران کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں یورپی یونین کے مذاکرات اور کوششیں جاری ہیں۔ جرمنی سے، جو کہ یورپ کی سب بڑی اور انتہائی مضبوط معیشت ہے، یورپی یونین کو کافی امیدیں ہیں۔ اس سے قبل بھی یورپی یونین کی خستہ حال معیشتوں کے استحکام کے لیے جاری کی جانے والی امدادی رقوم میں جرمنی کا ایک بڑا حصہ رہا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں