1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جولائی بھی شدید گرم رہا

2 اگست 2019

جولائی سن 2019 کے دوران موسم شیدید گرم رہا اور ماضی کے ریکارڈ کو برابر پہنچ گیا۔ اقوام متحدہ کے موسمیاتی ایجنسی کے مطابق رواں برس کا مہینہ جولائی سن 2016 کے اسی مہینے سے تھوڑا زیادہ گرم رہا۔

https://p.dw.com/p/3NECb
Deutschland Freibad | Grugabad essen
تصویر: imago-images/R. Oberhäuser

یورپ میں سن 2016 میں جولائی کا مہینہ معلومہ تاریخ میں سب سے زیاد گرم خیال کیا گیا تھا۔ عالمی موسمیاتی تنظیم (WMO) کے مطابق رواں برس کے جولائی نے ماحولیاتی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ یہ جون کے بعد مسلسل دوسرا گرم ترین مہینہ رہا ہے۔

براعظم یورپ میں جولائی کے مہینے میں آنے والی شدید گرمی کی لہر نے مختلف ملکوں کے زیادہ سے زیادہ درجہٴ حرارت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ان ملکوں میں بیلجیم، جرمنی، لکسمبرگ، ہالینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔ عالمی موسمیاتی ادارے کے مطابق سن 2015 سے یورپی براعظم کو گرم موسم کا سامنا ہے اور رواں برس تک اس میں تسلسل دیکھا گیا ہے۔

Hitze in Europa
جرمن شہر میونخ میں شدید گرمی میں فواروں میں نہاتے بچےتصویر: picture-alliance/dpa/P. Ruiz

گرمی کی اس لہر کے اثرات گرین لینڈ تک محسوس کیے گئے، جہاں درجہٴ حرارت میں دس سے پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ دیکھا گیا۔ اس گرمی سے گرین لینڈ کی برفانی تہہ بھی معمول سے زیادہ پگھلی۔ اسی کے قریب ہی برفانی خطے قطب شمالی میں پگھلتی برف کی رفتار میں بھی تیزی پیدا ہوئی۔

گرم موسم کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا کہنا ہے کہ گرمی کا ریکارڈ سب جگہ ٹوٹ گیا ہے، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے امریکی ریاست الاسکا کا شہر اینکراج کے علاوہ قطب شمالی بھی اس حدت سے براہ راست متاثر دکھائی دیتا ہے۔

گوٹیرش نے نیویارک سٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر اب بھی  ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں مثبت اور ضروری عملی اقدامات نہ کیے گئے تو شدید موسمیاتی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ع ح، ع ب، نیوز ایجنسیاں