1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حکومت کے خلاف سازش، مزید 19 ترک فوجی افسر گرفتار

6 اپریل 2010

ترکی میں اسلام پسند ملکی حکومت کا تختہ الٹنے کی مبینہ کوشش کے سلسلے میں جاری تحقیقات کے دوران مزید کم ازکم 19 فوجی افسروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MnmO
حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں اب تک کئی افراد گرفتار کئے جا چکے ہیںتصویر: AP

انقرہ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ترکی میں اسلام پسندانہ سوچ کے حامل وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کی منتخب جمہوری حکومت کو بغاوت کے ذریعے اقتدار سے علٰیحدہ کرنے کی مبینہ سازش کے سلسلے میں چھان بین کے دوران ملکی فوج کے جن 19 افسران کو حراست میں لیا گیا ہے، ان میں چار جرنیل بھی ش‍امل ہیں۔

ان تازہ گرفتاریوں کی ترک خبر ایجنسی انادولو نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ ترکی کے ایک پرائیوٹ ٹیلی وژن چینل NTV نےملکی وزارعت انصاف کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے تازہ چھاپوں کے دوران گرفتار کئے گئے افراد کی تعداد 95 بنتی ہے۔

Türkei Verfassungsgericht in Ankara Verbotsantrag gegen Erdogan Partei AKP
وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کئی سالوں سے اس کوشش میں ہیں کہ ملکی سیاست میں فوج کو حاصل بے تحاشا اثر ورسوخ کو کم کیا جائےتصویر: AP

ترکی میں اس سلسلے میں ریاستی دفتر استغاثہ کی طرف سے شروع کی گئی تحقیقات کو اب کئی مہینے ہو گئے ہیں، اور اب تک چالیس کے قریب حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران پر باقاعدہ فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم ایردوآن کی حکومت کا تختہ الٹنے کا پروگرام بنایا تھا۔ خود وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کئی سالوں سے اس کوشش میں ہیں کہ ملکی سیاست میں فوج کو حاصل بے تحاشا اثر ورسوخ کو کم کیا جائے۔

اسی حوالے سے ایردوآن کی جماعت نے ابھی حال ہی میں ترکی کے ریاستی آئین میں کئی مجوزہ ترامیم سے متعلق ایک مسودہ قانون بھی انقرہ کی پارلیمان میں پیش کر دیا تھا، جس پر صدر عبداللہ گل نے ملک میں حکومت اور فوج کے مابین کشیدگی کے پس منظر میں یہ کہا تھا کہ حکومت ان آئینی ترامیم کے سلسلے میں زیادہ سیاسی بصیرت اور احتیاط پسندی کا مظاہرہ کرے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید