روس نے ماریوپول کو خاک میں بدل دیا ہے، یوکرین
28 مارچ 2022یوکرین کے متعدد شہروں پر روس کے فضائی حملے جاری ہیں، جس سے کافی نقصان پہنچ رہا ہے اور اس ضمن میں بندرگاہی شہر ماریوپول کو خاص طور پر نشانہ بنایا گيا ہے۔ آج 28 مارچ کو ترکی میں روس اور یوکرین کے مابین تازہ مذاکرات ہونے والے ہیں جس میں جنگ بندی اور امن و امان کے قیام پر بات چیت کا امکان ہے۔
یوکرین کی وزارت خارجہ نے 28 مارچ پیر کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ محاصرے میں لیے جانے والا شہر ماریوپورل خاک میں بدل چکا ہے۔ بیان کے مطابق، "محاصرے کے دوران بمباری جاری ہے اور شہر میں لوگ زندہ رہنے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ یہاں انسانی صورتحال تباہ کن ہے۔ روسی مسلح افواج شہر کو خاک میں بدل رہی ہیں۔"
جرمن ریاستوں کی روس نواز جنگی علامت زیڈ پر پابندی
جرمنی کی کئی ریاستوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ سے منسلک علامت (Z) زیڈ پر پابندی عائد کر رہے ہیں اور کسی عوامی سطح پر اس کا استعمال قانون کے مطابق قابل سزا جرم ہے۔
جمعہ کے روز لوئر سیکسنی اور باویریا جیسی ریاستوں نے اس علامت کے استعمال کو جرم قرار دینے کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا۔ اشٹٹ گارٹ اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی ریاست میں بھی قانون سازوں نے اس پر پابندی کی حمایت کی ہے۔
روسی فوج چرنوبل شہر سے باہر نکل گئی
روسی فوجیوں نے سلاؤتیچ نامی اس قصبے کو چھوڑ دیا ہے جو چرنوبل کے جوہری پلانٹ کے کارکنوں کا ایک طرح سے ٹھکانہ رہا ہے۔ سن 1986 میں یہیں دنیا کی بدترین جوہری تباہی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
سلاوتیچ کے میئر یوری فومیشیف نے کہا ہے کہ روسی افواج، جنہوں نے ہفتے کے اواخر میں قصبے پر قبضہ کر لیا تھا، پیر کی صبح قصبے کا سروے کرنے کے بعد وہاں سے باہر چلے گئے۔
امریکہ روس میں حکومت کی تبدیلی کا خواہاں نہیں
امریکی صدر جو بائیڈن سے جب یہ سوال پوچھا گيا کہ وہ روس میں حکومت کی تبدیلی کے خواہاں ہیں، تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا، "نہیں۔" ایک روز قبل ہی وارسا میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن "اقتدار میں نہیں رہ سکتے" اور اس کے دوسرے روز ہی انہوں نے اپنے اس بیان کی وضاحت پیش کر دی۔
جوبائیڈن نے ہفتے کو پولش حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد پولینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کو ''قصائی'' کے لقب سے نوازا۔ امریکی صدر نے دھواں دار تقریر میں روس اور یوکرین کی موجودہ جنگ کو جمہوری آزادی کی جدو جہد کے پس منظر میں تاریخ کا ایک حصہ قرار دیا۔
جو بائیڈن نے کہا، ''خدا کے لیے، یہ شخص اقتدار میں نہیں رہ سکتا۔‘‘ بائیڈن کی اس سے مراد روسی صدر ولادیمیر پوٹن تھی۔ لیکن امریکی صدر کے اس بیان کے فوری بعد روس نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے رد کر دیا تھا اور کہا کہ یہ بائیڈن کا فیصلہ نہیں ہوسکتا، روس کا صدر روسی عوام منتخب کرتے ہیں۔
یوکرین کے متعدد شہروں پر فضائی حملے
یوکرینی میڈیا نے بتایا ہے کہ روس نے اتوار کے روز دارالحکومت کییف، لوزک، ریونے اور خارکیف کے شہروں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں شمال مغرب میں لوزک میں ایندھن کا ایک ڈپو بھی شامل تھا۔ حملے سے پہلے دن میں، یوکرین کے تقریبا سبھی علاقوں میں فضائی حملوں کے سائرن سنے گئے۔
ترکی میں تازہ مذاکرات
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت روس کے ساتھ امن معاہدے کے لیے ایک غیر جانبدار حیثیت اختیار کرنے کے ایک متبادل پر "احتیاط سے" غور کر رہی ہے۔ روس اور یوکرین کے وفود پیر کو آمنے سامنے مذاکرات کے لیے ترکی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے فون پر بات کی اور انہوں نے دونوں فریقوں کے درمیان فوری جنگ بندی اور امن معاہدے پر زور دیا ہے۔
ادھر جرمن چانسلر اولاف شولس نے عوامی نشریاتی ادارے 'اے آر ڈی' کو بتایا ہے کہ ان کے خیال میں اب تک اس جنگ میں دس ہزار سے زیادہ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق 37 لاکھ سے بھی زیادہ افراد یوکرین سے فرار ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر پڑوسی ملک پولینڈ میں پناہ لی ہے۔
ص ز/ ب ج (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے روئٹرز)