1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلمان خان کی تقرری پر بھارتی ایتھلیٹوں کی خفگی

عابد حسین25 اپریل 2016

رواں برس کے اولمپکس کے لیے سلمان خان کو بھارتی اولمپک دستے کا گُڈ وِل سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اِس تقرری پر بھارت کے مختلف کھلاڑیوں نے حیرانی کے ساتھ قدرے خفگی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IcEf
تصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے اولمپک دستے کے لیے عوامی حمایت کے حصول کے لیے سلمان خان کو خیرسگالی کا سفیر کا مقرر کیا ہے۔ اِس تقرری اور دستے کے لیے عوامی حمایت کے حصول کی وجہ ملک میں کرکٹ کی جانب عام لوگوں کا جھکاؤ خیال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سلمان خان کو گزشتہ برس ایک بےگھر شخص کو موٹر کار کے نیچے کچل کر ہلاک کرنے کے معاملے پر عدالتی بریت حاصل ہوئی تھی۔ استغاثہ کی ابتدائی رپورٹ کے تحت بھارتی فلم انڈسٹری کے انتہائی مقبول ادار کار فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے شخص کو کچلنے کے بعد فرار بھی ہو گئے تھے لیکن اِس مناسبت سے شواہد پیش نہیں کیے جا سکے تھے۔

اِس نامزدگی پر بھارت کے کئی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ناراضی ظاہر کی ہے۔ بھارت کی جانب سے اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے ایک پہلوان یوگیشور دَت نے ملکی اولمپک کمیٹی سے سوال کیا ہے کہ ایک فلمی اداکار ایتھلیٹوں کی پروموشن کے لیے کیونکر مقبولیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوامی حمایت کے حصول کے لیے مقرر کیا جا سکتا ہے۔ دَت کے مطابق اِس مقصد کے لیے کھیل ہی کے شعبے سے کسی مقبول شخصیت کو مقرر کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔

Indien Sprinter Milkha Singh Chandigarh
بھارت کے لیجنڈری ایتھلیٹ ملکھا سنگھ نے بھی سلمان خان کی نامزدگی پر حیرانی ظاہر کی ہےتصویر: Norris Pritam

یوگیشور دَت نے مزید کہا کہ کیا کبھی کسی ایتھلیٹ کو کسی بھارتی فلم کی پروموشن کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ دَت نے سن 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے کب تک عوام کو بیوقوف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ایک اور ایتھلیٹ مِلکھا سنگھ نے بھی بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اِس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے انڈین اولمپک کمیٹی کے فیصلے کو تبدیل کرے۔ ملکھا سنگھ کو اُن کی تیز رفتاری کے باعث ’فلائنگ سکھ‘ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے سن 1960 کے روم اولمپکس میں بھارت کی نمائندگی کی تھی۔ ایسے ہی بیانات کچھ اور ایتھلیٹوں کی جانب سے بھی سامنے آئے ہیں۔

انڈین اولمپک کمیٹی نے سلمان خان کی تقرری کا دفاع کیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق سلمان بھارتی نوجوان میں ایک سِمبل کے طور پر مشہور ہیں اور اولمپک کھیلوں کے لیے بطور سفیر وہ مفید رہیں گے۔ اُن کی حمایت میں سن 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں نشانہ بازی میں گولڈ میڈل جیتنے والی نشانچی ابھینیو بھنڈرا بیان دیا ہے۔ بھنڈرا کے مطابق سلمان خان کی تقررری میں اولمپک کمیٹی کی کھیلوں کی ترویج کی حکمت عملی دکھائی دیتی ہے۔ سلمان خان کی تقرری، اُن کی نئی فلم ’سلطان‘ کی ریلیز سے قبل کی گئی ہے۔ بھارتی اداکار نے اِس فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید