1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سونے کا بنا ’امریکا‘ انگلستان میں چوری ہو گیا

15 ستمبر 2019

اٹھارہ قیراط ٹھوس سونے کا بنا ہوا ’امریکا‘ نامی ٹوائلٹ انگلینڈ کے ایک محل سے چُرا لیا گیا ہے۔ اس ٹوائلٹ کی مالیت کم از کم چھ ملین ڈالر بنتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے کے برابر ہے۔

https://p.dw.com/p/3PdL3
UK Goldenen Toilette "America" bei Maurizio Cattelan gestohlen
تصویر: AP Photo/picture alliance

اطالوی فنکار موریزیو کاٹیلان کے تخلیق کردہ ٹھوس سونے کے بنے ٹوائلٹ کے چوری ہونے کی متعلقہ حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ یہ ٹوائلٹ سابق برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل کے جائے پیدائش بلین ہائم پیلس میں جاری قیمتی نوادرات کی نمائش کے لیے نصب کیا گیا تھا۔

بلین ہائم پیلس کے حکام نے اس کی تصدیق تو کی ہے کہ یہ ٹھوس سونے کا بنا ٹوائلٹ چوری ہو گیا ہے لیکن ایسا کن حالات میں ہوا، اُس کی وضاحت نہیں کی گئی۔ تخیلاتی اطالوی فنکار موریزیو کاٹیلان نے اس ٹوائلٹ کو بنانے کے بعد اس کا نام 'امریکا‘ (America) تجویز کیا تھا۔ نمائش گاہ میں آنے والے مہمان اس سونے کو ٹوائلٹ کو استعمال کرنے کی اجازت رکھتے تھے۔

محل کے نگران افراد کے مطابق یہ ٹوائلٹ ہفتہ چودہ ستمبر کی صبح چُرایا گیا اور اس واردات میں بظاہر کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ اٹھارہویں صدی کے پرشکوہ محل میں سونے سے بنا یہ ٹوائلٹ وہاں ہونے والی انتہائی قیمتی اشیا کی خصوصی نمائش میں مہمانوں کے استعمال کے لیے ایک طہارت خانے میں انتہائی 'مہارت‘ کے ساتھ لگایا گیا تھا۔ تاہم یہ مہارت چوروں کے سامنے بیکار گئی۔ بیلن ہائم پیلس میں نمائش صرف چند روز قبل شروع ہوئی تھی۔

Großbritannien | May empfängt Trump zu Galadinner in Blenheim Palace
امریکی صدر ٹرمپ بلین ہائم محل میں ضیافت کے لیے جاتے ہوئے، اُن کے ہمراہ سابقہ وزیراعظم ٹریزا مے ہیںتصویر: picture-alliance/empics/W. Oliver

نمائش کا مقام آکسفور شائر علاقے میں واقع ہے۔ اسی علاقے کے تھامس ویلی تھانے کی پولیس نے اس چوری کی واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک چھیاسٹھ سالہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس واردات کی تفتیش کی نگرانی کرنے والے افسر جیس مِلین کے مطابق ٹوائلٹ کو اکھاڑنے کے بعد طہارت خانے اور ملحقہ کمرے میں پانی بہنے سے بھی خاصا نقصان ہوا ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق اس کا امکان ہے کہ واردات میں قیمتی اشیا اور نوادرات کو چرانے والے منظم جرائم پیشہ گروہ ملوث ہیں۔ ڈکیتی کی اس واردات میں شامل افراد دو گاڑیوں میں سوار ہو کر پہنچے تھے۔ ابھی تک اس واردات کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ مشتبہ معمر شخص سے پوچھ گچھ جاری ہے اور تفتیش کار جائے واردات سے نشانات حاصل کرنے کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

SA Guggenheim Museum - Toilette America aus Gold von Maurizio Cattelan
اس ٹوائلٹ کی مالیت کم از کم چھ ملین ڈالر بنتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے کے برابر ہےتصویر: Getty Images/AFP/W. Edwards

قبل ازیں یہ ٹوائلٹ امریکی شہر نیویارک کے گوگن ہائم میوزیم میں سن 2017 تک نصب رہا تھا۔ وہاں بھی مہمان اس بیش قیمت ٹوائلٹ کو استعمال کرتے تھے۔ ناقدین نے اس ٹوائلٹ کے بنانے کو امارت کی ظاہری نمائش کا مظہر قرار دیا ہے۔ بعض نے اسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کیا کیونکہ وہ بھی سونے کی بنی اشیا سے خاص رغبت رکھتے ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گوگن ہائم میوزیم کے کیوریٹر نے سن دو ہزار سترہ میں پیشکش کی تھی کہ اسے وائٹ ہاؤس میں نصب کیا جائے، تاکہ صدر ٹرمپ بھی اسے استعمال کر سکیں۔ اس اخبارکے مطابق صدر ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں اس ٹوائلٹ کو نصب کرنے کے عوض وہ وائٹ ہاؤس میں نصب مشہور مصور فان گوگ کا ایک فن پارہ ضمانتاً دینے کو بھی تیار تھے۔ اس پیشکش کے باوجود یہ ٹوائلٹ البتہ وائٹ ہاؤس نصب نہیں کیا گیا تھا۔

ع ح، ع ب ⁄ ڈی پی اے، اے پی