1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوڈان میں الیکشن: ووٹنگ کے عرصے میں دو دن کی توسیع

13 اپریل 2010

سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے کہا ہے کہ سوڈان میں جاری انتخابات کے سلسلے میں کچھ مسائل ہیں۔ تاہم سوڈانی حکام ان مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ کارٹر نے ووٹنگ کے عرصے میں توسیع کے حکومتی فیصلے کو بھی سراہا ہے۔

https://p.dw.com/p/MvTZ
تصویر: AP

سوڈانی حکومت کی جانب سے ووٹنگ کے لئے دیے گئے وقت میں توسیع کا فیصلہ انتخابی عمل سے متعلق ملنے والی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔ سوڈان میں جاری اس انتخابی عمل کو شیڈول کے مطابق تو آج منگل کے روز ختم ہوجانا تھا، تاہم اب یہ جمعرات 15 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا، تاکہ تمام ووٹروں کو رائے دہی میں شرکت کے لئے مناسب وقت مل سکے۔

Sudan Wahlen Omar al-Bashir
سابق امریکی صدر جمی کارٹر سوڈانی صدر عمر البشیر کے ساتھ۔تصویر: AP

سابق امریکی صدر جمی کارٹر جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جُوبا میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں وہ انتخابی عمل پر نظر رکھنے والی اپنی تنظیم کارٹر سینٹر کے حوالے سے موجود ہیں اور انتخابی مبصرین کے ایک 70 رکنی گروپ کی سربراہی کر رہے ہیں۔ جمی کارٹر نے اس موقع پر تصدیق کی کہ تین روز سے جاری اس انتخابی عمل میں انتخابی سامان کی ترسیل کے حوالے سے شکایات تو موصول ہوئی ہیں، لیکن ابھی تک انتخابی بدعنوانی کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔

ووٹنگ کے لئے دو اضافی دن دینے کے حکومتی فیصلے سے قبل سوڈانی سیاسی رہنماؤں نے شکایت کی تھی کہ انتخابی سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے لاکھوں ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔ انتخابات کے ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق ووٹ ڈالنے کی شرح دس فیصد سے بھی کم تھی۔

سوڈان میں جاری انتخابات گزشتہ 25 برسوں کے دوران جماعتی بنیادوں پر ہونے والے پہلے انتخابات ہیں۔ یہ انتخابات سال 2005ء میں ہونے والے اس معاہدے کا حصہ ہیں جو ملک میں 21 سال سے جاری خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لئے طے کیا گیا تھا۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں