شعیب ملک کی قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی
21 اگست 2011انتیس سالہ شعیب ملک گزشتہ برس دورہ ء انگلینڈ کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی بینکوں میں جمع ان کے سرمائے کو بورڈ شک کی نظر سے دیکھ رہا تھا، اس لیے اس حوالے سے تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے مکمل تحقیقات کے بعد جمعہ کو کہا تھا کہ شعیب ملک نے اپنے غیر ملکی سرمائے کے جائز ہونے کے بارے میں شواہد فراہم کر دیے ہیں، اس لیے انہیں اب بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’ میں بہت خوش ہوں۔ میں بالکل فٹ ہوں اور میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے ایک اور موقع ملا ہے کہ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر میں کچھ کر سکوں۔ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی ہر ممکن کوشش کروں گا‘۔
شعیب ملک کو دورہ ء زمبابوے کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا تاہم یہ کہا گیا تھا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے انہیں انٹیگریٹی کمیٹی کی طرف سے اجازت ملنا ضروری ہے۔
اتوار کو چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے صحافیوں کو بتایا،’ قومی سلیکشن کمیٹی کی مکمل مشاورت کے بعد ٹیم انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شعیب ملک کو دورہ ء زمبابوے کے لیے منتخب کیا جائے‘۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑی کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہو جائے گی۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے بھی شعیب ملک کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ دورہء زمبابوے کے بعد کوچنگ کے فرائض سے سبکدوش ہو جانے والے پاکستانی کوچ نے کہا،’ شعیب کی واپسی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہو جائیں گے۔ اس نے ابھی کافی کرکٹ کھیلنی ہے اور یہ اچھا ہوا کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلنے کے لیے دستیاب ہو گیا ہے‘۔ وقار یونس نے ذاتی اور طبی وجوہات کی بنا پر گزشتہ روز ہی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم اٹھائیس اگست کو پریکٹس میچ سے دورہ ء زمبابوے کا آغاز کر رہی ہے۔ اس دوران زمبابوے اور پاکستان کے مابین ایک ٹیسٹ میچ، تین ایک روزہ میچ جبکہ دو ٹوینٹی ٹوینٹی میچ کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: حماد کیانی