1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

شمالی غزہ: اسرائیلی محاصرہ جاری، مزید درجنوں فلسطینی ہلاک

21 اکتوبر 2024

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کے عملے کا شمالی غزہ میں واقع تینوں ہسپتالوں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ میں جاری اپنی فوجی کارروائی میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/4m3a4
اسرائیلی فوج کئی دنوں سے غزہ پٹی میں قائم سب سے بڑے مہاجر کیمپ جبالیہ پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے
اسرائیلی فوج کئی دنوں سے غزہ پٹی میں قائم سب سے بڑے مہاجر کیمپ جبالیہ پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: Enas Rami/AP/picture alliance

اسرائیلی فورسز نے آج بروز پیر شمالی غزہ میں واقع جبالیہ مہاجر کیمپ میں اپنی کارروائیوں میں مزید شدت لاتے ہوئے متعدد گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا اور بے گھر لوگوں کے لیے مختص اسکولوں اور پناہ گاہوں کا محاصرہ کر لیا۔ مقامی رہائشیوں اور طبی عملے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مردوں کو  گرفتار کر کے خواتین کو کیمپ چھوڑنے کا حکم دیا۔

 مقامی انڈونیشیا ہسپتال کے طبی ماہرین نےخبر رساں ادارے روئٹز کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک اسکول پر دھاوا بولا اور وہاں موجود افراد  کو حراست میں لے کر عمارت کو آگ لگا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آگ ہسپتال کے جنریٹروں تک پہنچ گئی اور بجلی کی بندش کا سبب بنی۔

اسرائیلی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں سے شمالی ‌غزہ کا محاصرہ کر کے وہاں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے
اسرائیلی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں سے شمالی ‌غزہ کا محاصرہ کر کے وہاں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہےتصویر: IMAGO/CTK Photo

اسرائیلی فوج نے دو ہفتے قبل شمالی غزہ میں ایک نئی فوجی کارروائی شروع کی تھی اور علاقے کے تین ہسپتالوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا تاہم ان ہسپتالوں میں طبی عملے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہسپتال خالی کرنے سے انکار کر دیا ہے اور یہ کہ اسرائیلی فوجی ہسپتال کے باہر رہے لیکن اندر داخل نہیں ہوئے۔ ایک دوسرے ہسپتال کمال عدوان کے ایک ڈاکٹر نے رات کے وقت ہسپتال کے قریب اسرائیلیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر آگ لگانے کی اطلاع دی۔

انڈونیشیا ہسپتال کی ایک نرس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا، ''اسرائیلی فوج ہسپتال کے ساتھ والے اسکولوں کو جلا رہی ہے اور کوئی بھی ہسپتال میں داخل ہو سکتا ہے اور نہ ہی باہر جا سکتا۔‘‘

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وازرت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں جبالیہ میں اٹھارہ اور غزہ کے دیگر مقامات پر آٹھ افراد مارے گئے۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ غزہ میں دیگر مقامات پر جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم پانچ اور غزہ شہر میں دو الگ الگ حملوں میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوج غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز فوجیوں نے جبالیہ کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے بنیادی ڈھانچے اور سرنگوں کو تباہ کیا اور جنگجوؤں کو ہلاک کیا۔

 بیان میں ہسپتالوں اور کیمپوں کے حوالے سے فوری صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیل نے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے بعد ایک سال سے زائد عرصے سے جاری تنازعے کے خاتمے کے لیے جنگ بندی مذاکرات کے آغاز کی امید پیدا ہونے کے بعد سے غزہ اور لبنان دونوں میں اپنی جنگی مہم تیز کر دی ہے۔

کمال ادوان ہسپتال شمالی غزہ میں واقع تینوں ہسپتالوں میں سب سے بڑا ہے
کمال ادوان ہسپتال شمالی غزہ میں واقع تینوں ہسپتالوں میں سب سے بڑا ہےتصویر: Karam Hassan/Anadolu/picture alliance

شمالی غزہ میں ہسپتالوں سے رابطہ منقطع ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا  ہےکہ اس کی شمالی غزہ کےتین ہسپتالوں تک رسائی نہیں ہو پا رہی ہے ۔ عالمی ادارے نے شمالی غزہ کے علاقوں میں امداد کی اجازت دینے کے لیے رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے، '' ہمیں  اسرائیلی فوج  کی شمالی غزہ میں مخاصمانہ کارروائیوں اور اس کے ساتھ انسانی امداد میں غیر قانونی مداخلت اور فلسطینیوں کو جبری بے گھر کرنے اور ان کی تباہی کا باعث بننے والے احکامات پر تشویش ہے۔ غزہ کے شمالی علاقے میں آبادی موت اور بے گھر ہونے کے عمل سے گزر رہی ہے۔‘‘

اسرائیل کا کہنا ہے کہ  غزہ میں زمینی ترسیل اور ہوائی جہازوں کے ساتھ بڑی مقدار میں انسانی امداد پہنچ رہی ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے کمال عدوان ہسپتال سے مریضوں کو نکالنے میں سہولت فراہم کی ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ کوئی امداد شمالی غزہ کے ان علاقوں میں داخل نہیں ہوئی، جہاں اسرائیلی فوجی آپریشن فعال ہے۔ رہائشیوں اور طبی ماہرین نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کا اپنا محاصرہ سخت کر دیا ہے، جو کہ غزہ پٹی میں واقعہ آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے سب سے بڑا ہے، جسے اسرائیل  نے قریبی قصبوں بیت حنون اور بیت لاہیہ میں ٹینک بھیج کر اور مکینوں کو انخلا کے احکامات جاری کر کے گھیرے میں لے لیا۔

غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک برس سے جاری جنگ میں غزہ میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی مجوعی تعداد بیالیس ہزار چھ سو سے زائد ہو چکی ہے۔ 

ش ر، ع ت، ر ب (اے ایف پی، روئٹرز)

حماس کے لیڈر یحییٰ سنوار کون تھے؟