شمالی کوریا ناپسندیدہ جنگی صورتحال کے قریب ہے، امریکا
30 نومبر 2017اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے امریکی مندوب نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے جنگ کا انتخاب کیا تو اُس کی قیادت کو پوری طرح تہس نہس کر دیا جائے گا۔ اس اجلاس میں امریکی سفیر نے شمالی کوریا کے اتحادی چین سے مطالبہ کیا کہ وہ شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
شمالی کوریا: سلامتی کونسل کی قراردار کی ایک اور خلاف ورزی
شمالی کوریا دہشت گردی اسپانسر کرنے والی ریاست ہے، امریکا
غیرقانونی جوہری حملے سے انکار ممکن ہے، امریکی جنرل
شمالی کوریا کے جوہری حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، میٹِس
امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو ٹیلی فون کر کے کہا کہ وہ سخت اقدامات تجویز کرتے ہوئے اُن پر عمل بھی کریں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چین سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی فوری طور پر روک دے۔ ٹرمپ نے بیجنگ حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چین ایسا نہیں کرے گا تو امریکا تیل کی عالمی منڈی کو اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے اقدامات کرے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل کا تجربہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین اور روس کے نمائندوں نے اپنے اپنے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔ ان سفیروں نے واضح کیا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیار و بیلسٹک میزائل سازی کے عمل کو فوری طور پر معطّل کرے۔ اسی طرح امریکا اور جنوبی کوریا سے بھی کہا گیا کہ وہ اپنی فوجی مشقوں کے سلسلے کو بھی فی الحال روک دیں۔ ان ممالک کی ایک مشترکہ فوجی مشق منصوبے کے مطابق رواں برس دسمبر میں کی جائے گی۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے اپنے نئے بیلسٹک میزائل تجربے کی درجنوں تصاویر جاری کی ہیں۔ ان تصاویر کے اجراء کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ میزائل امریکا بھر میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنا سکے گا۔ یہ تصاویر ایک مرکزی ملکی اخبار اور آن لائن ایڈیشن کے لیے جاری کی گئیں۔ کمیونسٹ ملک نے بتایا ہے کہ نیا میزائل جولائی میں کیے گئے بیلسٹک میزائل ہواسونگ سے خاصا بڑا ہے۔
اس بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد امریکی صدر نے اپنے ٹویٹ میں شمالی کوریائی لیڈر کِم جونگ اُن کو ’بیمار پلا‘ یا Sick Puppy قرار دیا۔