1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی سابقہ ملازمہ پر برہم

15 اگست 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق وائٹ ہاؤس اسٹافر اماروسا مانیگالٹ نیومین کے لیے ’کتے‘ اور ’گھٹیا‘ جیسے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس معاملے پر ٹوئٹر پر سخت بیان دیا۔

https://p.dw.com/p/33CGu
USA, Washington: Ex-Mitarbeiterin im Trump Stab Omarosa Manigault packt aus
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Vucci

صدر ٹرمپ کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اماروسا مانیگالٹ نیومن نے کہا ہے کہ وہ صدر کی جانب سے قانونی کارروائی کی دھمکیوں کے باوجود خاموش نہیں بیٹھیں گی۔

’’ٹرمپ کا خلائی فوج کا منصوبہ، علامتی سیاست ہے‘‘

ترکی: امریکی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی دوگنا

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی اس سابقہ ملازمہ نے امریکی صدر کی اس رہائش گاہ کے انتہائی خفیہ حصے ’سِٹوایشن روم‘ میں ہونے والی گفت گو ریکارڈ کر لی تھی اور بعد میں اسے ایک امریکی ٹی وی کو مہیا کر دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے اس ٹیپ کی موجودگی کی تردید نہیں کی ہے۔

منگل کے روز صدر ٹرمپ اور نیومین کے درمیان تناؤ میں اس وقت اضافہ ہوا، جب وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سابقہ اسٹافر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جب کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نیومن کے خلاف ٹوئٹر پر سخت الفاظ کا استعمال کیا گیا۔

یہ بات اہم ہے کہ وائٹ ہاؤس کی ملازمہ نیومن کو دسمبر دو ہزار 2017 میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ وہ افریقی امریکی برادری کے لیے وائٹ ہاؤس کی رابطہ کار کے بہ طور کام کرتی تھیں۔ اس برطرفی کے بعد نیومن نے اپنی کتاب میں وائٹ ہاؤس میں گزرے دنوں کی تفصیلات لکھی ہیں، جن میں صدر ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ کی بابت سخت نوعیت کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ کے ’دوبارہ انتخاب کی مہم‘ پر کام کرنے والی ٹیم، جو سن 2020 کے انتخابات کے لیے ابھی سے کام کر رہی ہے، مانیگالٹ نیومین کے خلاف مقدمہ درج کروا رہی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سن 2016ء میں طے کردہ اس معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت انہیں وائٹ ہاؤس میں کام کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کو خفیہ رکھنا تھا۔ ٹرمپ کی اس انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ اپنی کتاب کی تشہیر کے لیے ایک پریس کانفرنس میں مانیگالٹ نیومین نے وہ تفصیلات ظاہر کیں، جو انہیں خفیہ رکھنا تھیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنی موقف بیان کرتے ہوئے کہا، ’’جب آپ کسی گھٹیا انسان کو جو کام کی بھیک مانگ رہا ہو، کوئی موقع دے دیں اور اسے وائٹ ہاؤس میں ملازمت دیں، میرے خیال میں صرف اس سے کام نہیں بنتا۔ بہت اچھا کیا جنرل کیلی کہ آپ نے ایسے کتے کو فوری طور پر برطرف کیا۔‘‘

اس ٹوئٹ کے جواب میں امریکی نشریاتی ادارے ایم ایس این بی سی سے بات چیت میں مانیگالٹ نیومن نے کہا، ’’میں خاموش نہیں بیٹھوں گی۔ جب وہ عوامی طور پر یہ سب کچھ کہہ رہے ہیں، تو نجی بیٹھک میں میرے بارے میں کیا کچھ کہتے ہوں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’صدر ٹرمپ کو خواتین کی بالکل عزت نہیں کرتے، خصوصاﹰ افریقی امریکی خواتین کی۔‘‘

ع ت، ش ح (روئٹرز، اے ایف پی)