فون اور نیٹ پر نکاح جائز ہے: مسلم پرسنل لاء بورڈ
5 اپریل 2010بھارتی شہر حیدرآباد میں اُنہیں ثانیہ سے پہلے ایک اور بھارتی لڑکی سے نکاح کرنے اور اُن کے خاندان کو دھوکہ اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت کیس کا سامنا ہے۔ حیدرآباد پولیس نے امیگریشن حکام کو اس سلسلے میں چوکنا کردیا ہے، جس کے نتیجے میں شعیب ملک کا فی الحال بھارت سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
پیر کے روز حیدرآباد پولیس کے کئی اہلکار معروف بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں شعیب ملک ان دنوں رہ رہے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پولیس نے پاکستانی کرکٹر سے حیدرآباد ہی میں رہنے والی عائشہ صدیقی نامی لڑکی کے ساتھ شادی کرنے اور اسے مبینہ طور پر فون پر چپ رہنے کی دھمکیاں دینے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔
شعیب ملک کی مبینہ طور پر پہلی بیوی عائشہ صدیقی کے والد نے پاکستانی کرکٹر کے خلاف اپنی بیٹی کو دھوکہ دینے کا کیس درج کرا رکھا ہے۔
شعیب ملک کے خلاف عائشہ صدیقی کو ہراساں کرنے، اسے چھوڑ کر دوسری لڑکی سے شادی کرنے اور چپ رہنے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات ہیں۔ حیدرآباد پولیس کمشنر اے کے خان نے تصدیق کی ہے کہ عائشہ کی فیملی نے پاکستانی کرکٹر کے خلاف انہی الزامات کے تحت کیس درج کرایا ہے۔ بنجارا ہلز پولیس نے بتایا کہ شعیب ملک پر 420، 498-A اور 506 دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
اٹھائیس سالہ کرکٹر شعیب ملک ہفتے کے روز حیدر آباد پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ثانیہ مرزا کے ساتھ نکاح کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اگرچہ شعیب نے نامہ نگاروں کے حساس سوالوں کا جواب نہیں دیا تاہم انہوں نے عائشہ کے ساتھ فون پر اپنے نکاح کو ’’غیر معتبر‘‘ قرار دیا۔
دوسری جانب آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے فون اور انٹرنیٹ پر نکاح کو بالکل جائز قرار دیا ہے۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ سے وابستہ کمال فاروقی نے بھارتی نجی ٹیلی وژن چینل ’CNN-IBN‘ کو بتایا کہ انہیں اس وقت ثانیہ مرزا کے ساتھ ہمدردی ہے، کیونکہ وہ خوامخواہ اس تنازعے کا شکار ہوگئی ہیں۔ کمال فاروقی نے شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے درمیان فون پر نکاح کو جائز ٹھہراتے ہوئے کہا:’’شرعی اعتبار سے شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کا فون کے ذریعے نکاح بالکل قانونی اور جائز ہے۔ لیکن میں یہ جاننا چاہوں گا کہ صدیقی فیملی نے اب تک پولیس کو مطلع کیوں نہیں کیا۔‘‘
دریں اثناء پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق کرکٹر شعیب ملک پندرہ اپریل کو ثانیہ مرزا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والے ہیں۔ اس وقت شعیب ملک کو قومی کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایک سال کی پابندی کا بھی سامنا ہے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان