1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال یورو کپ اور اپنی معیشت کے لیے میزبان فرانس کی امیدیں

امجد علی8 جون 2016

فرانس کو امید ہے کہ لاکھوں شائقین یورو کپ کے میچ دیکھنے کے لیے پہنچیں گے اور اُن کے خرچ کیے ہوئے پیسے فرانسیسی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دیں گے۔ آیا واقعی ایسا ہو سکے گا، یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی۔

https://p.dw.com/p/1J2XA
Frankreich EM Austragungsorte Parc Olympique Lyonnais UEFA EURO 2016
یورو کپ کے مقابلے دس جون سے لے کر دس جولائی تک فرانس کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گےتصویر: picture-alliance/dpa/G. Horcajuelo

فرانسیسی معیشت کی حالت گزشتہ کئی برسوں سے بہت پتلی چلی آ رہی ہے اور اسے ایسے کسی سہارے کی اشد ضرورت ہے، جو یورو کپ جیسے کسی بڑے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی شکل میں اسے مل سکتا ہے۔ دس جون سے اس ملک میں یورپی فٹ بال چیمپئن شپ یعنی یورو کپ کے مقابلے شروع ہو رہے ہیں۔

یہ میچ فرانس کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے اور انہیں دیکھنے کے لیے لاکھوں غیر ملکی شائقین فرانس بھر میں اسٹیڈیمز کا بھی رخ کریں گے اور وہاں مختلف ہوٹلوں میں قیام بھی کریں گے۔ فرانسیسی حکام کو امید ہے کہ ان شائقین کی آمد فرانسیسی معیشت کو بھی سہارا دے گی۔

دوسری جانب اقتصادی ماہرین اس ٹورنامنٹ سے ہونے والے مالی فوائد کے حوالے سے بہت محتاط ہیں۔ وسطی فرانسیسی شہر لیموش میں کھیلوں سے متعلق قانون اور معیشت کے مرکز CDES نے باقاعدہ حساب لگایا ہے اور چند ایک متاثر کن اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔ اس مرکز کے مطابق غیر ملکی شائقین اور یورپی فٹ بال فیڈریشن UEFA فرانس میں قیام و طعام کے حوالے سے تقریباً 1.27 ارب یورو ملک کے اندر لے کر آئیں گے۔ ان اخراجات پر اضافی سیلز ٹیکس کی مَد میں مزید 180 ملین یورو فرانس کے سرکاری خزانے میں جمع ہوں گے۔

یوئیفا اور اُس کے ذیلی ادارے ’یورو 2016ء ایس اے ایس‘ کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے اندازوں کے مطابق اس تحفے کی مَد میں فرانسیسی خزانے پر ایک سو پچاس تا دو سو ملین یورو کا بوجھ پڑے گا۔ مزید یہ کہ یورو کپ کے انتظامات کے سلسلے میں چورانوے ہزار افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

Euro 2016 Fan Zone Champs de Mars Paris Frankreich Sicherheit Security
میچوں کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس اور فوج کے سپاہیوں کی بہت بھاری نفری موجود ہو گی اور اس اہتمام پر بھی 24 ملین یورو خرچ ہوں گےتصویر: picture-alliance/dpa/T.Vandermersch

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق فرانس میں یورو کپ سے ہونے والی آمدنی پر تو خوشی سے بات کی جاتی ہے لیکن اس ٹورنامنٹ کے اہتمام پر آنے والی لاگت کا ذکر کم ہی کیا جاتا ہے۔ یورو کپ کے دس اسٹیڈیمز پر 1.7 ارب یورو خرچ کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ میچوں کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس اور فوج کے سپاہیوں کی بہت بھاری نفری موجود ہو گی اور اس اہتمام پر بھی 24 ملین یورو خرچ ہوں گے۔

فرانسیسی معیشت کو تو یورو کپ کے انعقاد سے اتنا فائدہ شاید نہ پہنچے البتہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں ضرور کچھ اضافہ ہو گا۔ گزشتہ سال کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد ان سیاحوں کی تعداد میں تقریباً چھ فیصد کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید