فیشن ایوارڈز: وکٹوریا بیکہم ناکام
9 دسمبر 2010لندن کا فیشن میلہ گلیمر کا ایک بہت بڑا فیسٹول خیال کیا جاتا ہے۔ اس فیشن ویک کی شروعات برٹش فیشن ایوارڈز کی تقسیم سے ہوتی ہے جو عالمی سطح پر انتہائی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ فیشن اور گلیمر کی دنیا میں اس ایوارڈ کا بڑا نام ہے۔ جدید اور مغربی تراش خراش کے پہناوں کی دنیا میں اس ایوارڈ کو ایک طرح سے آسکر کا مقام حاصل ہے۔
سپر ماڈل کے ساتھ ساتھ فیشن ایبل خواتین کی بطور فیشن آئیکون کے اس ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب میں شرکت اپنے لئے اعزاز خیال کرتی ہیں۔ اس میں شرکت کرنے والی خواتین خاص طور پر جدید تراش خراش کے ملبوسات زیب تن کرتی ہیں اور ان کے ڈیزائنر کے نام منتظمین کو باقاعدہ مطلع کئے جاتے ہیں۔ مرد حضرات بھی نامی گرامی ہوتے ہیں۔ زیادہ تر مرد و زن برطانوی اور یورپی اشرافیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس ایوارڈز میں بہترین ڈیزائنر کا ایوارڈ اٹھانا آسکر میں بہترین اداکار یا اداکارہ کی طرح خیال کیا جاتا ہے۔
برطانیہ کے مشہور فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم کی سوشلائٹ اہلیہ وکٹوریا بیکہم بھی اب اپنی فیشن لائن متعارف کروا چکی ہیں۔ وکٹوریا کو شہرت انگریز خواتین کے میوزیکل بینڈ سپائس گرلز سے مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔ اب ڈھلتی عمر کے ساتھ وہ فیشن ایبل حلقوں میں خاصی اہم خیال کی جاتی ہے۔ ان کے پہنے ہوئے لباس کو ایک طرح سے فیشن کا چلن قرار دیا جاتا ہے۔ برٹش فیش ایوارڈز میں وہ بطور بہترین ڈیزائنر برانڈ کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب تو رہیں لیکن تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب میں اس ایوارڈکو حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ یہ ایوارڈ بوربیری برانڈ کو دیا گیا۔ سال کی بہترین ڈیزائنز کا ایوارڈ فوب فیلو کو دیا گیا۔ ان کی فیشن لائن سیلین کے نام سے مشہور ہے۔
اسی ایوارڈز کی تقریب میں عالمی شہرت کی سیاہ فام سپر ماڈل نیاومی کیمبل کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ان کی فیشن کی دنیا پر انمٹ اثرات اور ماڈلنگ میں شاندار پرفارمنس کے اعتراف میں دیا گیا۔ چالیس سالہ ماڈل خاتون کو یورپی فیشن کے دوسرے مراکز جن میں میلان اور پیرس شامل ہیں، کی جان تصور کیا جاتا تھا۔ آج کئی ماڈل گرلز ان کے انداز میں کیٹ واک کرنے کو باعث فخر سمجھتی ہیں۔
یورپی ملک ہالینڈ کی ستائیس سالہ لارا کیتھرین سٹون کو سن 2010 کی بہترین ماڈل خاتون کا اعزازدیا گیا۔ وہ اس وقت دنیا کی ٹاپ پچاس ماڈل گرلز میں نمبر ون شمار کی جاتی ہیں۔ اپنے بولڈ انداز کی وجہ سے وہ ہر قسم کی ماڈلنگ دل جمعی سے کرتی ہیں۔ ان کو رواں سال کا خوبصورت چہرہ بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ اسی سال مئی میں لارا سٹون نے برطانوی کامیڈین ڈیوڈ ولیمز سے شادی رچائی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف