قطر میں بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق افسران کے لیے سزائے موت
26 اکتوبر 2023نئی دہلی سے جمعرات چھبیس اکتوبر کے روز ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایک قطری عدالت نے اپنے فیصلے میں بھارت کے جن آٹھ شہریوں کے لیے سزائے موت کا اعلان کیا ہے، انہیں 2022ء میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارت نے اس فیصلے پر ''گہرے افسوس اور حیرانی‘‘ کا اظہار کیا ہے۔
قطر میں بھارتی بحریہ کے متعدد سابق افسران حراست میں کیوں ہیں؟
نئی دہلی سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق بھارتی حکومت اس مقدمے اور اس میں سنائے گئے سزائے موت کے فیصلے کو ''انتہائی اہمیت کے حامل‘‘ سمجھتی ہے اور یہ ''معاملہ قطری حکام کے ساتھ اٹھانے‘‘ کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔
بھارت کے مقامی میڈیا کے مطابق سز اپانے والے تمام بھارتی باشندے قطر کی ایک نجی کمپنی کے لیے کام کرتے تھے اور انہیں گزشتہ برس اگست میں مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق وہ اپنے طور پر جاسوسی کے الزام سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعووں کی تصدیق نہ کر سکی۔
الزامات کا عوامی سطح پر اعلان نہیں کیا گیا
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اس بارے میں اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ سزا پانے والے تمام بھارتی شہری ملکی بحریہ کے سابقہ اہلکار ہیں اور ان پر عائد کردہ الزامات کی تفصیلات کا عوامی سطح پر اعلان نہ تو قطری حکام نے کیا ہے اور نہ ہی بھارتی حکومت نے۔
عمر رسیدہ عرب شیوخ کی کمسن بھارتی لڑکیوں سے شادیاں
اس بارے میں روئٹرز نے جب نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ سے رابطے کی کوشش کی، تو کوئی رد عمل ظاہر نہ کیا گیا۔
بھارتی حکومت نے قطری عدالت کے فیصلے کے بعد جمعرات کے روز جو بیان جاری کیا، اس میں کہا گیا کہ فی الحال ''کارروائی کی راز دارانہ نوعیت کے باعث اس حوالے سے مزید کوئی بھی تبصرہ کرنا مناسب نہ ہو گا۔‘‘
قانونی دستاویزات کے بغیر مزید بھارتی باشندوں کی امریکہ میں داخل ہونے کی کوششیں
الزامات کی غیر واضح نوعیت
بھارتی وزارت خارجہ کے اعلیٰ اہلکاروں نے، جن میں وزیر خارجہ سبرامنیم جےشنکر بھی شامل ہیں، قبل ازیں کہا تھا کہ ان آٹھ بھارتی ملزمان کے خلاف عائد کردہ الزامات اور ان کی نوعیت ''پوری طرح واضح نہیں ہیں۔‘‘
خلیجی ممالک اور ہماری دوستی کی حقیقی تصویر بالکل مختلف ہے: بھارت
تیل اور گیس سے مالا مال خیلج کی دیگر عرب ریاستوں کی طرح قطر میں بھی بھارتی تارکین وطن کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے۔ قطر میں مہمان کارکنوں کے طور پر مقیم بھارتی باشندوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے زائد ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی نے نئی دہلی سے لکھا ہے کہ جن بھارتی شہریوں کو قطر میں سزائے موت کا حکم سنایا گیا ہے، ان کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ حکام ''اس معاملے میں عدالت کے تفصیلی فیصلے کے منتظر‘‘ ہیں اور اس دوران بھارتی حکومت کا انڈین نیوی کے ان سابق افسران کے ''اہل خانہ اور قانونی مشیران کے ساتھ بھی مکمل رابطہ ہے۔‘‘
م م / ا ا (روئٹرز، اے پی)