1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا: عبوری حکومت کی فورسز سرت میں داخل ہو گئیں

27 ستمبر 2011

پیر کے روز لیبیا کی عبوری حکومت کی افواج لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے آبائی شہر سرت میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔ دریں اثناء سرت سے بڑی تعداد میں شہریوں کا انخلاء دیکھنے میں آ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/12gsU
تصویر: dapd

عبوری حکومت کی فورسز نے دارالحکومت طرابلس کے جنوب مشرق میں واقع شہر بن ولید پر بھی حملے کیے ہیں۔ بن ولید اور سرت قذافی کے حامیوں کے قبضے میں آخری دو بڑے شہر ہیں۔ عبوری کونسل کی افواج کے مطابق پیر کے روز وہ سرت کے مشرق سے شہر میں دس کلومیٹر اندر داخل ہو گئے تاہم وہ اب بھی شہر کے مرکز سے پندرہ کلومیٹر دور ہیں۔ سرت میں قذافی کے حامیوں اور عبوری حکومت کی افواج کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔

Libyen Revolution Nationaler Übergangsrat NO FLASH
لیبیا کے بیشتر علاقے عبوری کونسل کی فورسز کے قبضے میں آ چکے ہیںتصویر: dapd

دوسری جانب سرت سے سینکڑوں کی تعداد میں افراد شہر چھوڑ کر دوسرے علاقوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ ایک شہری مفتح محمد کے مطابق، ’’شہر کی صورت حال بہت خراب ہے۔ نہ کھانے پینے کی اشیاء دستیاب ہیں اور نہ ہی پیٹرول یا بجلی۔ یہ صورت حال دو ماہ سے ہے۔ قذافی کی فورسز ہمیں شہر چھوڑنے نہیں دے رہیں تھیں۔ بچوں کی حالت خاص طور پر بہت خراب ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرت سے چالیس کلومیٹر مشرق میں واقع ایک چھوٹے سے قصبے میں درجنوں بچوں کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ ایک ڈاکٹر نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہمارے پاس دوائیں ہیں مگر عملے کی کمی ہے جو مریضوں، خاص طور پر بچوں کا علاج کر سکے۔ بچے پیٹ کی بیماریوں کا شکار ہیں اور وہ مسلسل قے کر رہے ہیں۔‘‘

دوسری جانب مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے مطابق اس نے پیر کے روز بھی سرت اور قذافی کی فورسز کے قبضے میں موجود علاقوں پر فضائی بمباری کی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں