1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلم دنیا کا اہم فیسٹول: قرطاج فلمی میلہ

4 نومبر 2018

مغربی دنیا میں معتبر فلمی میلے مختلف شہروں میں کئی برسوں سے منائے جاتے ہیں۔ اس روایت کو اب کئی مسلمان مملک نے بھی اپنا ليا ہے اور فلمی ميلوں کا تواتر سے انعقاد کيا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/37dJw
Bildergalerie Omar Sharif
تصویر: Getty Images/AFP/F. Belaid

شمالی افریقی مسلمان ملک تیونس میں مشہور فلمی میلے  قرطاج یا کارتھیج فلم فیسٹول کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس میلے کے لیے تیونسی وزارت داخلہ نے غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ ان سکیورٹی انتظامات کی وجہ ملکی ارالحکومت میں چند روز قبل ہونے والا ایک خودکش حملہ قرار دیا گیا ہے۔ پچھلے اتوار یعنی انتیس اکتوبر کو خاتون خودکش حملہ آور کی کارروائی میں بیس لوگ زخمی ہو گئے تھے۔

قرطاج فلم فیسٹول کے افتتاحی تقریب میں شریک تیونسی وزیراعظم یوسف شاہد نے واشگاف انداز میں ملک دشمن قوتوں سے کہا کہ اُن کا ملک بھرپور زندگی کا حامل ہے اور یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوام میں بیداری کے لیے ثقافتی تقریبات بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہيں۔

گزشتہ ہفتے کا خود کش حملہ چوبیس نومبر سن 2015 کے بعد کیا جانے والا پہلا حملہ ہے۔ مختلف سکیورٹی ماہرین کا خیال ہے کہ شمالی افریقہ میں سرگرم انتہا پسند عناصر نہیں چاہتے کہ تیونس میں فلمی سرگرمیوں کو افزائش ملے اور انہوں نے حکومت کو فلمی میلے کے آغاز سے قبل یہ حملہ کر کے ایک انتباہی پیغام دیا ہے۔

Karthago Filmfestival 2008
کارتھیج فلم فیسٹول ترتیب کے اعتبار سے انتیسواں فلمی میلہ ہے اور یہ ایک ہفتہ جاری رہے گاتصویر: JCC

کارتھیج فلم فیسٹول ترتیب کے اعتبار سے انتیسواں فلمی میلہ ہے اور یہ ایک ہفتہ جاری رہے گا۔ اس میلے کا سب سے بڑا انعام گولڈن تانیت ہے۔ یہ انعام فنیقی قوم کے بسائے ہوئے شہر قرطاج یا کارتھیج کی ثقافت کی ملکہ تانیت کے نام پر ہے۔ اس کا آغاز سن 1966  میں کیا گیا تھا۔ ابتدا میں اس کا انعقاد ہر دو برس بعد کیا جاتا تھا تاہم سن 2014 سے اسے سالانہ بنیاد پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلمان ملکوں میں مصری دارالحکومت قاہرہ میں منعقد کیے جانے والا قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹول سن 1976 سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ کویت کا گرین کاروان فلم فیسٹول پانچ برس پہلے سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ امریکن ٹرائبیکا فلم فیسٹول کے عرب چیپٹر کو دوحہ ٹرائیبیکا فلم فیسٹول کا نام دیا گیا ہے اور یہ سن 2009 میں شروع کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کویت، مراکش، لبنان اور شام میں فلمی میلوں کے انعقاد کی روایت ہے۔ دبئی اور ابو ظہبی میں علیحدہ علیحدہ فلمی میلے منعقد کیے جاتے ہیں۔