مصر میں انتشار: سکیورٹی چیف نبیل فاراج ہلاک
19 ستمبر 2013مصر کے ریاستی ٹی وی چینل کی اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ان جھڑپوں میں سکیورٹی چیف نبیل فاراج ہلاک ہوئے ہیں جبکہ غیر مصدقہ خبروں کے مطابق 28 مشتبہ عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس آپریشن کے دوران پولیس نے 65 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ مصری حکام کی طرف سے اس علاقے میں دن کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
جمعرات کی صبح سویرے بکتر بند گاڑیوں میں سوار پولیس اور فوج کے دستے کرداسہ نامی اُسی جگہ باغیوں کی فائرنگ کی زد میں آئے، جہاں اگست کے وسط میں مقامی باشندوں نے مقامی پولیس اسٹیشن کے 13 افسروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ یہ واقعہ قاہرہ میں اسلام پسندوں کی طرف سے ہونے والے مظاہرے کو منتشر کرنے کی خونی کارروائی کا رد عمل تھا۔
دریں اثناء مصر کے سرکاری ٹیلی وژن کی نشریات پر وزارت داخلہ کی طرف سے حفاظتی اقدامات کے طور پر شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ان تازہ ترین جھڑپوں میں چھتوں اور میناروں پر سے مسلح افراد نے آٹومیٹک ہتھیاروں سے حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں سکیورٹی چیف نبیل فاراج ہلاک جبکہ پانچ پولیس افسر اور چار پولیس اہلکار اُس وقت زخمی ہو گئے جب پولیس نے ایک مشتبہ شخص کے گھر کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد اس مشتبہ شخص نے پولیس پر ایک دستی بم پھینک دیا۔
آج کے اس آپریشن کو اسلام پسند معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں پر تین جولائی کے بعد سے جاری وسیع کریک ڈاؤن کا ایک اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے مرسی کے حامیوں کی طرف سے جاری مہم میں اب تک 1000 اسلام پسند اور پولیس اور فوج کے درجنوں اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
خود محمد مرسی کو فوج نے کسی نامعلوم جگہ پر نظر بند کر رکھا ہے جبکہ ان کی جماعت اخوان المسلمون کے سینکڑوں اراکین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آرمی چیف عبدالفتح السیسی کی طرف سے مقرر کیے گئے حکام نے تشدد کی حالیہ لہر کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔ یہ حکام ملک میں بدامنی اور آئے دن ہونے والے پُر تشدد واقعات کی تمام تر ذمہ داری مُرسی کے حامیوں پر عائد کر رہے ہیں۔
دریں اثناء قاہرہ سے ملنے والی رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ کرداسہ گاؤں کے نزدیک قائم متعدد دیگر پولیس اسٹیشنز کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے تاہم اپنا آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کرداسہ کا علاقہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک نہیں ہو جاتا، تب تک یہ کیرک ڈاؤن جاری رہے گا۔