’موقع موقع ‘ بھارت کے خلاف پاکستان موقع کا فائدہ اٹھائے گا؟
15 اکتوبر 2021بھارتی اسپورٹس چینل اسٹار اسپورٹس نے 'موقع موقع‘ کے نام سے اس بار بھی ایک نیا اشتہار جاری کیا ہے۔ اس اشتہار کی ویڈیو میں ایک پاکستانی کرکٹ کا مداح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو دیکھنے کے لیے ایک بڑا ٹی وی خریدنے جاتا ہے۔ لیکن بھارتی سیلزمین اسے ایک ٹی وی خریدنے پر دوسرا ٹی وی مفت دینےکی پیشکش کرتا ہے، تاکہ بھارت کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی شکست پر وہ غصے میں اپنا دوسرا ٹی وی بلاخوف توڑ پھوڑ سکے۔
متحدہ عرب امارات میں سترہ اکتوبر سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم چوبیس اکتوبر کو دبئی میں اپنی روایتی حریف بھارتی ٹیم کا سامنا کرے گی۔ عالمی کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دبئی پہنچ چکی ہے۔ لاہور میں روانگی سے قبل پاکستانی کرکٹ تیم کے کپتان بابر اعظم نے اس 'ہائی وولٹیج‘ میچ میں عمدہ کارکردگی کے مظاہرے کی امید کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹورنامنٹس میں پاکستان ٹیم ایک بھی مرتبہ بھارت کو شکست نہیں دے سکی، خواہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو یا پھر ایک روزہ میچز کا عالمی ٹورنامنٹ۔ صرف چیمپیئنز ٹرافی میں ویراٹ کوہلی کی ٹیم کو سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم سے شکست ہوئی تھی۔
'موقع موقع‘ اشتہار کی نئی ویڈیو ریلیز ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے شائقین سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی ٹیموں کو نیچا دکھانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔ ایک طرف پاکستانی شائقین بھارت کو شکست دینے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں تو دوسری جانب بھارتی شائقین پاکستانی ٹیم کو عالمی کپ میں شکست دینے کی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ٹوئٹر پر احد سلطان خان نامی صارف نے لکھا، ''جوانوں۔۔۔ انڈیا سے نا ہارنا باقی ہمیں کپ کُوپ نہں چاہیے۔‘‘
دوسری جانب ایک بھارتی صارف نے پاکستانی ٹیم کے ایک مداح کی جانب سے ٹی وی توڑنے کی ایک پرانی تصویر کے ساتھ لکھا ''پھر ملے گا ٹی وی پھوڑنے کا MaukaMauka# ‘‘
اس کے علاوہ سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ایک انٹرویو میں سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کو پیغام دیا ہے کہ ''شعیب اختر کوئی چانس نہں ہے، بھارتی ٹیم بہت مضبوط ہے، اڑا دے گی تم لوگوں کو۔‘‘
ع آ / ع ح (سوشل میڈیا ڈیسک)