1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی جرمن کابینہ کے لیے ناموں کا اعلان آج

امجد علی15 دسمبر 2013

جرمنی کی تین جماعتوں پر مشتمل نئی حکومت میں کابینہ مجموعی طور پر چَودہ وُزراء پر مشتمل ہو گی۔ اس کابینہ میں کرسچین ڈیموکریٹک یونین کے پانچ، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چھ جبکہ کرسچین سوشل یونین کے تین وُزراء شامل ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1Aa14
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین زیگمار گابریل ’سپر منسٹر‘ بنیں گے جبکہ آندریا ناہلیس مستقبل کی وزیر محنت ہوں گی
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین زیگمار گابریل ’سپر منسٹر‘ بنیں گے جبکہ آندریا ناہلیس مستقبل کی وزیر محنت ہوں گیتصویر: picture-alliance/dpa

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مجلس عاملہ نے آج اتوار کو متفقہ طور پر اُن چھ وزارتوں کے لیے ناموں کی منظوری دے دی، جو مخلوط حکومت میں اس جماعت کو ملی ہیں۔ پارٹی چیئرمین زیگمار گابریل کو اقتصادیات اور توانائی کا قلمدان ملے گا، فرانک والٹر شٹائن مائر وزیر خارجہ ہوں گے، آندریا ناہلیس کو وزیر محنت بنایا جا رہا ہے، ماحول کا شعبہ باربرا ہینڈرکس کے سپرد کیا جائے گا، خاندانی امور کی وزارت مانوئیلا شویزِک سنبھالیں گی جبکہ عدلیہ اور صارفین کے امور کی وزارت ہائیکو ماس کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

2007ء کی ایک تصویر، تب بھی ایس پی ڈی کے فرانک والٹر شٹائن مائر انگیلا میرکل کے وزیر خارجہ تھے اور اب نئی حکومت میں بھی اُن کے پاس یہی وزارت ہو گی
2007ء کی ایک تصویر، تب بھی ایس پی ڈی کے فرانک والٹر شٹائن مائر انگیلا میرکل کے وزیر خارجہ تھے اور اب نئی حکومت میں بھی اُن کے پاس یہی وزارت ہو گیتصویر: Eric Feferberg/AFP/Getty Images

یونین جماعتیں اپنے وُزراء کا اعلان شام کو کرنے والی ہیں تاہم خبر رساں ادارے با وثوق ذرائع کے حوالے سے بتا رہے ہیں کہ اب تک کے وزیر داخلہ ہنس پیٹر فریڈرش کو وزیر زراعت ، گیرڈ ملر کو وزیر برائے ترقیاتی امور اور الیگذانڈر ڈوبرنٹ کو نقل و حمل اور وزیر برائے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے۔ ان تینوں کا تعلق کرسچین سوشل یونین (سی ایس یُو) سے ہے۔

نئی کابینہ کی کم عمر ترین رکن مانوئیلا شویزک خاندانی امور کی وزارت سنبھالیں گی
نئی کابینہ کی کم عمر ترین رکن مانوئیلا شویزک خاندانی امور کی وزارت سنبھالیں گیتصویر: DW-TV

کرسچین ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یُو) کی جانب سے سب سے غیر متوقع فیصلہ اب تک وزیر محنت اور سات بچوں کی ماں اُرسلا فان ڈیئر لایَن کو جرمنی کی پہلی خاتون وزیر دفاع بنانے کا ہے۔ تاحال وزیر دفاع تھوماس ڈے میزیئر غالباً ایک بار پھر وزارتِ داخلہ سنبھال لیں گے۔ ہیرمان گروہے صحت کے جبکہ یوہانا وانکا تعلیم کی وزیر بن سکتی ہیں۔

آج اتوار کو تمام وُزراء کے ناموں کا اعلان ہو جانے کے بعد کل پیر کو تینوں جماعتوں سی ڈی یُو، سی ایس یُو اور ایس پی ڈی کے قائدین مخلوط حکومت کی تشکیل کے 185 صفحات پر مشتمل معاہدے پر حتمی طور پر دستخط کر دیں گے۔ دستخطوں سے پہلے اس معاہدے میں وُزراء اور اُنہیں دی جانے والی وَزارتوں کا بھی اندراج کیا جائے گا۔

منگل کو جرمن پارلیمان کے ایوانِ زیریں میں ہونے والے اجلاس میں انگیلا میرکل ایک بار پھر خود کو چانسلر شپ کے امیدوار کے طور پر انتخاب کے لیے پیش کریں گی۔ اپنے انتخاب کی صورت میں وہ اُسی روز دوپہر کو تمام وُزراء کے ساتھ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔