’ناجائز اسلحہ‘: ریمنڈ ڈیوس کا نیا ریمانڈ
17 فروری 2011اسی دوران لاہور ہی میں ایک اور عدالت نے ناجائز اسلحہ رکھنے سے متعلق ایک مقدمے میں ریمنڈ ڈیوس کو جمعرات کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ وفاقی حکومت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے ذریعے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وزارت خارجہ کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ کی تصدیق یا تردید کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل ہو چکا ہے اور اب یہ امریکی شہری پاکستان سے باہر نہیں جا سکتا۔
ریمنڈ ڈیوس کو حاصل ممکنہ سفارتی استثنیٰ کے خلاف ایک درخواست گذار وکیل اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ ابھی تک عدالت کے سامنے ایسا کوئی بھی ریکارڈ پیش نہیں کیا جاسکا، جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ ڈیوس ایک امریکی سفارت کار ہیں۔ اظہر صدیق کے مطابق انہوں نے سماعت کے دوران عدالت سے یہ درخواست بھی کی کہ ریمنڈ ڈیوس کے نام کے ساتھ ان کی تصویر بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کی جائے تاکہ وہ نام بدل کر بیرون ملک فرار نہ ہو سکیں۔
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں صرف مجاز وفاقی وزراء ہی بات کریں۔ جمعرات کے روز نئی وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں ہے اور اس موضوع پر گفتگو میں احتیاط کی جانی چاہیے۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں ’اس معاملے کے قانونی مضمرات پر بات کی گئی اور اس بات پر سبھی متفق تھے کہ معاملہ عدالت میں ہے تو ایسا طریقہء کار اختیار کیا جائے جس سے عدالتی عمل میں معاونت ہو سکے‘۔
ادھرامریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری نے اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران اہم سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کر کے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی مطالبہ کیا تھا لیکن بظاہر وہ اس امریکی شہری کےلیے کوئی بڑا ریلیف لیے بغیر ہی بدھ کی رات امریکہ واپس روانہ ہو گئے تھے۔ اسی دوران اپوزیشن رہنما میاں نواز شریف نے سینیٹر جان کیری سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹر جان کیری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں۔ نواز شریف نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے پہلے دن سے ہی اس کیس سے نمٹنے کے لیے درست حکمت عملی نہیں اپنائی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے ریمنڈ ڈیوس کو مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل نہ ہونے کے انکشاف نے اس امریکی اہلکار کی ممکنہ رہائی کے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے ماہر وکیل احمر بلال صوفی کے مطابق ویانا کنونشن کے تحت سفارتی استثنیٰ دنیا بھر میں سفارت کاروں کو ان کے فرائض کی ادائیگی کے لیے حاصل ہوتا ہے۔ احمر بلال کے مطابق کسی سنگین جرم میں ملوث کسی بھی سفارت کا ر کو حاصل یہ استثنیٰ واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔
دریں اثناء صدر آصف علی زرداری نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر غور کے لیے آج جمعرات کو پیپلز پارٹی کی ’کور کمیٹی‘ کا ایک اجلاس بھی بلا رکھا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ریمنڈ ڈیوس سے متعلق ایک روز قبل کی گئی اس پریس کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کو مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔
رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت: مقبول ملک