ومبلڈن: سیرینا، شراپووا، لی نا، ہیوئٹ کی پہلے راؤنڈ میں فتح
22 جون 2011دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز ومبلڈن کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ یہ میچ منگل کے روز کھیلا گیا۔ سیرینا نے اپنی حریف فرانسیسی کھلاڑی ایراواں رضائی کو چھ تین، تین ایک، چھ ایک شے شکست دی۔ ولیمز میچ میں فتح کے بعد شدت جذبات سے اشک بار ہو گئیں۔ ایک برس سے ولیمز پیر میں لگی چوٹ کے باعث ٹینس کے مقابلوں سے باہر تھیں۔ میچ جیتنے کے بعد انہوں نے کہا کہ انہیں ومبلڈن میں دوبارہ شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
دوسرے روز ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے ایک اور میچ میں سابق ومبلڈن چیمپیئن شراپووا نے اپنی ہم وطن روسی کھلاڑی کو چھ دو، چھ ایک سے باآسانی شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ چوبیس سالہ شراپووا ان دنوں خاصی اچھی فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس سال کلے کورٹ پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اطالوی اوپن ٹائٹل جیتا، اور سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی۔
دوسری جانب اس سال کی فرنچ اوپن چیمپیئن چینی کھلاڑی لی نا نے بھی اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ آسانی سے جیت لیا۔ لی نا چین سے تعلق رکھنے والی پہلی کھلاڑی ہیں جنہوں نے کوئی گرینڈ سلیم جیتا ہے۔ وہ کلے کورٹ کے بعد اب گھاس پر کھیلے جانے والے، ٹینس کے مؤقر ترین گراس کورٹ ٹورنامنٹ ومبلڈن میں بھی فرنچ اوپن جیسی کارکردگی دکھانا چاہتی ہیں۔
ادھر مردوں کے مقابلوں میں تیس سالہ آسٹریلوی کھلاڑی اور سابق ومبلڈن چیمپیئن لیٹن ہیوئٹ نے اپنا میچ چار سیٹس میں جیت لیا ہے۔ ہیوئٹ مختلف انجریز کے باعث ٹینس کی عالمی رینکنگ میں سوویں نمبر سے پیچھے جا چکے ہیں۔
ومبلڈن ٹورنامنٹ کا آغاز برطانوی دارالحکومت لندن میں پیر کے روز ہوا۔ یہ ٹورنامنٹ دو ہفتے جاری رہے گا۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل