1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویجاجیوا نے ریڈ شرٹس کی پیشکش مسترد کر دی

24 اپریل 2010

تھائی لینڈ کے وزیراعظم ابھیست ویجا جیوا نے ہفتے کے روز ریڈ شرٹ مظاہرین کی طرف سے مفاہمت کی نئی پیشکش رد کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بنکاک میں ریڈ شرٹ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/N5Vu
تصویر: AP

سابق وزیراعظم تھاکسن شیناواترا کے حامی ریڈ شرٹس مظاہرین نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر حکومت اگلے 30 دن کے اندر ملکی پارلیمان تحلیل کرکے نئے انتخابات کا وعدہ کرلے تو وہ دارالحکومت بنکاک کے تجارتی مرکز پر تین ہفتوں سے جاری  قبضہ ختم کردیں گے۔

ریڈ شرٹس مظاہرین کی طرف سے مظاہرے ختم کرنے کے لئے یہ نسبتا نرم شرائط ہیں کیونکہ اس سے قبل وہ فوری طور پر پارلیمان تحلیل کرکے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ تاہم وزیر اعظم ابھیست ویجا جیوا نے یہ شرائط ماننے سے انکار کردیا ہے۔ ویجا جیوا نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پیشکش کو رد کرتے ہیں کیونکہ ریڈشرٹس نے تشدد، دھونس اور دھمکی سے اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کی ہے اور وہ اس کو برداشت نہیں کرسکتے۔ تھائی وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ 30 دن میں پارلیمان تحلیل کرنے کا نہیں ہے بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ اسے صرف ریڈ شرٹس کے لئے کیوں تحلیل کیا جائے، اگر ایسا کیا جانا بھی ہے تو یہ پورے ملک کے مفاد میں ہونا چاہئے اور درست وقت پر ہی ایسا قدم اٹھایا جانا چاہیے۔

Thailand Protest Politik
ریڈشرٹس گزشتہ کئی ہفتوں سے دارالحکومت میں مظاہرے کر رہے ہیںتصویر: AP

وزیراعظم کی طرف سے یہ پیشکش مسترد کئے جانے کے بعد اب ریڈ شرٹ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ریڈ شرٹس مظاہرین کی قیادت کرنے والے 'نتاوُت سائکاور' کا کہنا ہے کہ ان کی اطلاع کے مطابق وزیراعظم نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دے دیے ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی اطلاع کے ذرائع کیا ہیں۔

وزیراعظم ابھیست ویجا جیوا نے مظاہرین کی پیشکش پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ 30 دن کی یہ مہلت مسئلے کے حل کی بجائے محض غیر ملکی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کا بہانا ہے۔ ویجا جیوا کا مزید کہنا ہے کہ کل اتوار کے روز صورتحال مزید واضح ہوجائے گی جبکہ وہ اپنے ہفتہ وار ٹیلی وژن خطاب کے لئے آرمی چیف کے ساتھ نمودار ہوں گے۔

اسی ماہ کے دوران پرتشدد واقعات میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری دونوں اطراف کو اس مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے پر زور دے رہی ہیں۔

رپورٹ:  افسر اعوان

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں