1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن ٹینس ایسوسی ایشن چیمپیئن شپ کا دوہا میں آغاز

26 اکتوبر 2010

دوہا میں منگل سے خواتین ٹینس کے سال کاآخری اہم ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے۔ اس میں عالمی نمبر ایک کیرولین ووصنیاکی پر سب کی نظریں جمی ہیں کہ وہ اپنی موجودہ فارم کے تناظر میں اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/Pnst
کم کلائسٹرزتصویر: AP

کیرولین ووصنیاکی گیارہ اکتوبر سے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز ہوئیں ہیں۔ امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز کے زخمی ہونے کے بعد ہی انہیں اس پوزیشن پر براجمان ہونے کا موقع ملا ہے۔ گزشتہ سال دوہا میں کھیلی جانے والی چیمپیئن شپ سیرینا ولیمز نے جیتی تھی۔ انہوں نے اپنی بہن وینس ولیمز کو ہرا کر یہ اعزاز جیتا تھا۔ اس سال دونوں بہنیں انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔

ڈبلیو ٹی اے چیمپیئن شپ میں سال کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آٹھ خواتین کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتا ہے۔ ان خواتین کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔ ایک گروپ کو مارُون گروپ اور دوسرے کو وائٹ گروپ کہا جاتا ہے۔ دونوں میں شامل چار چار کھلاڑی باری باری آپس میں کھیلتی ہیں اور پہلی دو پوزیشن کی حامل کھلاڑی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جاتی ہیں۔ سیمی فائنل اس ماہ کی تیس تاریخ کو کھیلے جائیں گے جبکہ چیمپیئن شپ کا فائنل میچ اس کے اگلے روز اکتیس اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اس بار مارون گروپ میں جو چار کھلاڑی رکھی گئی ہیں، ان میں عالمی نمبر ایک کیرولین ووصنیاکی کے ساتھ اٹلی کی فرانسیسکا شیاوونے، آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوزر اور روس کی ایلینا ڈیمینٹیوا شامل ہیں۔ وائٹ گروپ میں روس کی ویرا زونوریوا کے علاوہ بیلجیم کی کم کلائسٹرز، سربیا کی ژالینا ژانکووچ اور بیلا روس کی وکٹوریا اذارینکا شامل ہیں۔ کھلاڑیوں میں 44 لاکھ ڈالر سے زائدکی انعامی رقم مختلف مرحلوں پر تقسیم کی جائے گی۔

Kombi Caroline Wozniacki Roger Federer, U.S. OPEN
کیرولین ووصنیاکی اور راجر فیڈررتصویر: AP/DW

ٹینس کے مبصرین کا خیال ہے کہ خلیجی ریاست قطر کا گرم موسم بہت سی کھلاڑیوں کے لئے کورٹ میں مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ گزشتہ سال بھی گرم موسم کی وجہ سے ڈنمارک کی کیرولین ووصنیاکی گروپ سطح پر بڑی کارکردگی سے محروم رہی تھیں۔ بظاہر کیرولین ووصنیاکی کا گروپ قدرے آسان دکھائی دیتا ہے۔ کم کلائسٹرز بھی دو تین ماہ بعد کورٹ میں اتریں گی۔ اگر یہ ٹورنامنٹ روسی کھلاڑی زونوریوا جیت جاتی ہیں تو وہ عالمی نمبر ایک بن جائیں گی۔

سن 2008 سے یہ ٹورنامنٹ قطر کے دارالحکومت دوہا میں واقع خلیفہ انٹرنیشنل ٹینس کمپلیکس میں کھیلا جا رہا ہے۔ دوہا میں اس سلسلے کا یہ آخری ٹورنامنٹ ہے۔ خواتین کا یہ معتبر ٹورنامنٹ اگلے تین سالوں کے لئے یعنی سن 2011 سے ترکی کے تاریخی شہر استنبول کے کثیر الجہتی سپورٹس سینٹر Sinan Erdem Dome میں منعقد کیا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کو مختلف الاوقات میں میسر سپانسر کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔ امریکی شہر لاس اینجلیز میں کھیلے جانے والے سن 2005 کے ٹورنامنٹ سے اس کو سونی ایرکسن چیمپیئن شپ کہا جاتا ہے۔

خواتین کے ٹینس مقابلوں کا رواں سال کا آخری اہم ٹورنامنٹ WTA چیمپیئن شپ کہلاتا ہے۔ اس میں صرف ٹاپ آٹھ خواتین کھلاڑی شریک ہوتی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں