1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس. فرنچ اوپن میں دوسرا راؤنڈ آج سے

26 مئی 2010

ٹینس کےرواں سال کےدوسرےگرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کےپہلے تین دنوں میں ابتدائی راؤنڈ کےتمام میچ مکمل ہوگئے ہیں۔ بدھ سےفرنچ اوپن کےدوسرے راؤنڈ کا آغاز ہو رہا ہے۔ پہلے راؤنڈمیں دیناراسافینا کی شکست سب سےبڑا اپ سیٹ ثابت ہوئی۔

https://p.dw.com/p/NX1d
ندال ایک میچ جیتنے کے بعد: فائل فوٹوتصویر: AP

فرنچ اوپن میں رافائیل ندال نے اپنے مخالفین کے لئےخطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ منگل کو فرانس کے افریقی نژاد اٹھارہ سالہ جیانی مینا کے خلاف جس فارم کا مظاہرہ اس ہسپانوی کھلاڑی نے کیا، وہ انتہائی قابل تعریف تھا۔ اس میچ میں ندال کا تجربہ اور مہارت فرانسیسی کھلاڑی جیانی مینا کی سمجھ سے باہر تھے۔ تین سیٹ میں ندال نے اس میچ کو مکمل کر دیا۔ اب وہ دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ رافائیل ندال فرنچ اوپن کو مسلسل سن 2005 سے لے کر سن 2008 تک جیت چکے ہیں۔ وہ موجودہ عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔

BdT Lacoste 2
انا ایوانووچ: دوسرے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

پہلے راؤنڈ میں بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر ایک جسٹن ہینن نے بھی اپنا میچ جیت کر دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہینن بھی فرنچ اوپن کے فاتحین میں سے ہیں۔ وہ فرنچ اوپن کو چار بار جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ اگر ان کی فارم مسلسل بہتر ہوتی چلی گئی، تو وہ یقینی طور پر امریکہ کی ولیمز سسٹرز سمیت تمام کھلاڑیوں کے لئے پریشانی کا باعث ہو سکتی ہیں۔

منگل ہی کے روز پہلے راؤنڈ میں سابقہ عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا اور سربیا سے تعلق رکھنے والی سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ شاراپووا اور ایوانووچ کافی عرصے بعد بہتر کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

رواں سال کے اس دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے ابتدائی تین دنوں کا سب سے بڑا اپ سیٹ منگل کو دیکھنے میں آیا جب گزشتہ سال کئی ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے والی روس کی خاتون کھلاڑی دینارا سافینا کو جاپانی کھلاڑی سے میچ ہارنا پڑا۔ چالیس سالہ جاپانی خاتون کھلاڑی کیمیکو ڈاٹے نے گزشتہ سال فرنچ اوپن کا فائنل کھیلنے والی دینارا سافینا کو مات دے کر اس ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

Dinara Safina
سافینا انجریز کی زد میں: فائل فوٹوتصویر: AP

مردوں کے سابقہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی مرات سافین کی بہن دینارا سافینا گزشتہ سال سے کئی انجریز کا شکار ہو چکی ہیں ۔ جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں انجریز کے بعد انہوں نے دوبارہ عملی ٹینس کا آغاز کیا تھا۔ ان کو ماہرین اور ان کے بھائی مرات سافین کا بھی مشورہ یہی تھا کہ وہ مکمل صحت یابی کے بعد ہی دوبارہ ٹینس کھیلنا شروع کریں، لیکن ابھی تک انہوں نے اس مشورے کی پاسداری نہیں کی۔

ایسے اندازے بھی سامنے آئے ہیں کہ وہ کمر میں ایک تازہ انجری کا شکار ہیں، جس کی تشخیص چند ہفتے قبل ہوئی تھی۔ اس وجہ سےدینارا سافیناکا ٹینس کیریئر خطرات سے دوچار ہے اور ان کا کھیل کلی طور پر ختم بھی ہو سکتا ہے۔ اگلے چند ہفتے دینارا سافینا کے لئے اہم ہو سکتے ہیں۔

بدھ سے فرنچ اوپن کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔ پہلا میچ امریکہ کی وینس ولیمز ہسپانوی کھلاڑی پارا سنتنویا کے خلاف کھیلیں گی۔ اس ہسپانوی کھلاڑی کی رینکنگ بہت اونچی تو نہیں لیکن وہ اپ سیٹ کرنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

بدھ ہی کو عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپیئن راجرفیڈرر کا ایک میچ بھی شیڈیول ہے۔ ان کا مقابلہ کولمبیا کے آلیخاندرو فایا سے ہو گا۔ فایا ٹینس بائیں ہاتھ سے کھیلتے ہیں۔ فیڈرر کو اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں کافی محنت کرنا پڑی تھی، اور اگر صورت حال ویسی ہی رہی تو ان کے لئے دوسرے راؤنڈ کا میچ مشکل بھی ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں