فرنچ اوپن: ٹینس کا دوسرا اہم ترین ٹورنامنٹ شروع
24 مئی 2010فرنچ اوپن کے پہلے دن خواتین میں روس کے کزنٹسووا سویٹلانا نے بھی رومانیہ کی سورانا چرسٹیا کو شکست دی۔ روسی کھلاڑی کی عالمی رینکنگ چھٹی ہے اور دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔ گزشتہ سال سویٹلانا نے فرنچ اوپن کا فائنل میچ اپنی ہم وطن دینارا سافینا کو شکست دے کر جیتا تھا۔ امریکہ کی ٹینس سٹار وینس ولیمز نے اپنا میچ آسانی سے جیتا۔ اُن کا سامنا سوئٹزر لینڈ کی پیٹی شنائیڈر سے تھا۔ پہلے دن کا بڑا اپ سیٹ عالمی نمبر گیارہ وکٹوریا آذارینکا کی شکست ہے۔ اُن کو ارجنٹائن کی ابھرتی کھلاڑی گیزلا ڈولکو سے ہارنا پڑا۔ بیلا روس کی کھلاڑی میچ کے دوران کوئی بڑی مزاحمت کی پوزیشن میں نہیں تھیں۔
مردوں میں سویڈن کے عالمی نمبر پانچ رابن سوڈرلنگ نے بھی دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ وہ گزشتہ سال فائنل تک پہنچے جہاں اُن کو راجر فیڈرر کا سامنا تھا۔ اسی طرح فرانس سے تعلق رکھنے والے جو ولفرائیڈ سونگا کو بھی دوسرے مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ راجر فیڈرر، اینڈی مرے، نوواک جوکووچ اور دوسرے اہم مرد ٹینس کھلاڑی اپنے میچ پیر کو کھیلیں گے۔ خواتین کی مشہور کھلاڑیوں سیرینا ولیمز، کیرولین ووصنیاکی، انا ایوانووچ اور ژالیینا ژانکووچ کے میچ بھی پیر کو شیڈیول ہیں۔
ٹینس کھیل میں یوں تو بے شمار ٹورنامنٹ مشہور ہیں لیکن چار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ پہلا ٹورنامنٹ آسٹریلیئن اوپن ہوتا ہے، دوسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن، تیسرا ومبلڈن اور چوتھا یو ایس اوپن کہلاتا ہے۔ چاروں ٹورنامنٹ مختلف سطحوں پر کھیلے جاتے ہیں۔ فرنچ اوپن مٹی کے کورٹ یعنی کلے کورٹس پر کھیلا جاتا ہے۔
گزشتہ سال ہسپانوی سٹار رافائیل ندال انجریز کی وجہ سے فرنچ اوپن میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ ماہرین کے خیال میں اس کا سب سے زیادہ فائدہ سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کو ہوا تھا اور وہ پہلی بار ندال کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس گرینڈ سلیم کو جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس بار ندال کی فارم انتہائی شاندار مقام پر ہے۔ وہ اپنی انجریز سے یقینی طور پر چھٹکارا پا چکے ہیں۔ اس کا اندازہ روم اوپن سے ہو چکا ہے۔ مٹی کے کورٹ پر کھیلے جانے والے روم اوپن میں ندال نے فیڈرر کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
دوسری جانب خواتین میں سیرینا ولیمز اس وقت بہت عمدہ فارم میں ہیں۔ لیکن اس دوران اُن کی بڑی بہن وینس ولیمز بھی اپنی کارکردگی میں عمدگی لانے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ تازہ عالمی رینکنگ میں سیرینا الر عالمی نمبر ایک ہیں تو وینس ولییمز عالمی نمبر دو ہیں۔ ڈنمارک کی کیرولین ووصنیاکی عالمی درجہ بندی میں دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ فرنچ اوپن میں سیریینا کو درجہ بندی میں پہلی پوزیشن دی گئی ہے جب کہ اُن کی بہن وینس کو دوسری پوزیشن ملی ہے۔
فرنچ اوپن اس لیئے بھی اہم ہے کہ آیا اس ٹورنامنٹ میں بیلجیئم کی دو سابقہ عالمی نمبر ایک کسی بڑی کارکردگی کو دہرانے کی صلاحیت رکھتی ہیں یا نہیں۔ خاص طور پر جسٹن ہینن اگر اپنی فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تو وہ ولیمز سسٹرز کے لئے خطرہ ہو سکتی ہیں۔ سیربیا کی ژالینا ژانکووچ بھی مٹی کے کورٹ پر عمدہ کھیل پیش کر سکتی ہیں۔ ماریا شاراپووا نے سٹرابرگ اوپن جیت کر قدرے خطرے کی گھنٹی ضرور بجائی ہے۔ سیربیا ہی کی ایک اور سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایونووچ بھی خوب پریکٹس میں مصروف ہیں۔ فرنچ اوپن ان کا بھی ایک امتحان ہے۔
کم کلائسٹرز نے جاری فرنچ اوپن سے دستبرداری کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے۔ مردوں میں ایئن کارلووچ نے بھی انجری کے باعث اس ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ