ٹی ٹوئنٹی: دوسرے روز کے فاتح پاکستان اور بھارت
2 مئی 2010ان دونوں مقابلوں میں موجودہ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلی مرتبہ اپنی اپنی حریف ٹیموں کے خلاف میدان میں اتریں۔ بھارت کا افغانستان کے خلاف میچ اس ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر تیسرا اور گروپ سی کا پہلا میچ تھا، جس میں افغانستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔ ان میں اوپنر نور علی کے 50 رنز بھی شامل تھے۔ افغانستان کی اننگز میں بھارت کی طرف سے سب سے کامیاب بولر نہرا رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی ٹیم نے، جسے یہ میچ جیتنے کے لئے 116 رنز کا ہدف ملا تھا، محض 14.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر یہ ٹارگٹ حاصل کر لیا اور یوں T20 ورلڈ کپ 2010 میں اپنا پہلا میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔
پہلے ہی میچ میں ٹاپ اسکور
بھارت کی طرف سے اوپنر ایم وجے نے، جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیل رہے تھے، 46 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین ثابت ہوئے۔
سینٹ لوسیا میں کھیلے جانے والے اس میچ سے قبل ٹاس بھارت نے جیتا، جس کے بعد کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے پہلے بیٹنگ کے بجائے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی طرف سے تین وکٹیں لینے والے بولر نہرا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سمیع کا پہلا میچ اور بہترین بولنگ
سینٹ لوسیا ہی میں مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی شام مکمل ہونے والے گروپ اے کے پہلے اور اس ورلڈ کپ کے مجموعی طور پر جس چوتھے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے ہرایا، وہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کا پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔ محمد سمیع نے اس میچ میں چار اوورز میں 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کے لئے ہونے والا ٹاس پاکستان نے جیتا، جس کے بعد کپتان شاہد آفریدی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 142 کے مجموعی اسکور پر گری۔ دونوں اوپننگ بلے بازوں نے 73، 73 رنز اسکور کئے۔ کامران اکمل نے اپنے 73 رنز 55 گیندوں پر ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ دوسرے اوپنر سلمان بٹ نے، جو کامران اکمل اور نو رنز بنانے والے شاہد آفریدی کے بعد آؤٹ ہوئے، دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر 73 رنز اسکور کئے۔
پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لئے 173 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے یہ میچ 21 رنز سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محمد اشرفل نے 65 اور کپتان شکیب الحسن نے 47 رنز بنائے۔ پاکستانی اوپنر سلمان بٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل
ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ورلڈ کپ کے پہلے دو روز میں کل چار میچ کھیلے گئے، اور یوں A سے لے کر D تک چاروں گروپوں میں اب تک دو دو ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ اب تک پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے دو دو پوائنٹس ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کے تیسرے روز دو مئی اتوار کو گروپ C میں بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا جبکہ گروپ A کے ایک مقابلے میں، جو ٹورنامنٹ کا چھٹا میچ ہو گا، پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: ندیم گِل