ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز بھارت کو ہرا کر فائنل میں
31 مارچ 2016جمعرات اکتیس مارچ کی شام کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ یوں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 193 رنز کا ٹارگٹ ملا۔ بھارتی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز بڑے پراعتماد انداز میں کیا اور اس کے اوپننگ بلے بازوں نے پاور پلے کے دوران پہلے چھ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 55 رنز بنائے۔
بھارت کی طرف سے اوپنر شرما نے 43 اور ریہانے نے 40 رنز بنائے۔ سب سے کامیاب بیٹسمین ویرات کوہلی رہے، جنہوں نے 47 گیندوں پر ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آؤٹ تھے۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ کھلاڑی کپتان دھونی تھے، جو 15 کے ذاتی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے رسل اور بدری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 193 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے لیے کسی متاثر کن آغاز کو یقینی بنانے میں ناکام رہی اور اس کے سٹار بلے باز کرس گیل دوسرے اوور کی پہلی گیند پر بھارتی بولر بومرا کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور صرف چھ تھا اور جس گیند پر گیل آؤٹ ہوئے، وہ اس سیمی فائنل میں بومرا کی پہلی بال تھی۔
ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی سیموئلز تھے، جو تیسرے اوور میں صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور تب ان کی ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 19 تھا۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں چارلس اور سِمنز اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور کو 116 تک لے گئے۔ اس وقت چارلس کوہلی کی ایک گیند پر 52 کے ذاتی اسکور پر شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے چند وکٹیں گنوانے کے باوجود اپنا رن ریٹ گرنے نہیں دیا تھا اور اسے آخری پانچ اوورز میں فتح کے لیے 55 رنز درکار تھے۔ 20 ویں اوور میں یہ میچ اتنا دلچسپ ہو گیا تھا کہ فتح کسی بھی ٹیم کے حصے میں آ سکتی تھی۔ تب ویسٹ انڈیز کو چھ گیندوں پر آٹھ رنز درکار تھے۔ اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے والی شاٹ رسل نے کوہلی کے اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر کھیلی۔ نتیجہ 19.4 اوورز میں ویسٹ انڈیز کے 196 رنز اور بھارتی ٹیم کا انگلینڈ کے خلاف فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
ویسٹ انڈیز کے سب سے کامیاب بیٹسمین سِمنز رہے، جنہوں نے 51 گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کے ساتھ 82 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ کھلاڑی رسل تھے، جنہوں نے 20 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے نہرہ، بومرا اور کوہلی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین اتوار تین اپریل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔