1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موہالی میں پاکستان بقا کی جنگ لڑے گا؟

24 مارچ 2016

آئی سی سی عالمی ٹونٹی ٹونٹی میں سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کی معمولی سی آس لیے پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا آخری گروپ میچ آسٹریلیا سے کھیل رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IIkR
تصویر: Getty Images/AFP/M. Uz Zaman

موہالی میں اندرجیت سنگھ بندرا اسٹیڈیم میں جمعہ کی سہ پہر ہونیوالے اس میچ میں کامیابی کے بعد بھی ٹورنامنٹ میں پاکستانی بقا اتوار کوبھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے مشروط ہوگی۔ دھواں وہیں سے اٹھتا ہے جہاں آگ ہو۔

موہالی میں میں ٹونٹی ٹونٹی اور ہولی کا خوشگوار موسم ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی شہر میں پہنچ چکی ہیں لوگ ایک دوسرے کو ہولی کی مبارکباد دے کر گلے شکوے دور کر رہے ہیں لیکن بھارت اور نیوزی لینڈ سے یکے بعد دیگرے منہ کی کھانے والی پاکستان ٹیم میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔ جمعرات کی صبح چندی گڑھ سے موہالی اسٹیڈیم آکر پاکستان ٹیم نے تین گھنٹے پریکٹس کی جس کے بعد میچ کی روایتی پریس کانفرنس میں کپتان شاہد آفریدی نہیں آسکے۔ شعیب ملک نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوے ٹیم میں رنجشوں کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ جب ٹیم ہارتی ہے تو ایسی باتیں سامنے آتی ہیں جس سے ٹیم کو نقصان ہوتا ہے۔ شعیب ملک کے بقول کھلاڑیوں کے آپسی تعلقات کا ٹیم کی ناکامی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا کیونکہ تمام کھلاڑی پیشہ ور ہیں۔ ملک کے مطابق دوہزار نو میں جب پاکستانی ٹیم چیمپئین بنی تو ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کی آپس میں بول چال بند تھی۔ شعیب ملک کچھ بھی کہیں پاکستان ٹیم میں اختلافات کوئی فسانہ نہیں ۔ ڈی ڈبلیو کی تحقیق کے مطابق کوچ کھلاڑیوں سے اور کھلاڑی کپتان کی من مانیوں سے خوش نہیں۔

Indien World T20 cricket tournament - Team Pakistan - Shahid Afridi
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے ایک جیتا ہوا میچ ہار کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ضایع کر دیا تھاتصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

حفیظ فٹنس ٹیسٹ کے بغیر کھیلنے کو تیار ہیں لیکن موہالی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ کا فٹنس ٹیسٹ ہوا جسے وہ پاس کرنے میں ناکام رہے۔ اپنے گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف میچ بھی محمد حفیظ کی شرکت مشکوک ہے۔ پاکستان ٹیم کے میڈیا مینیجر آغا اکبر کے مطابق جمعہ کی صبح میچ سے پہلے محمد حفیظ کا دوبارہ فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔ محمد حفیظ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ فٹنس ٹیسٹ کے بغیر کھیلنے کے لیے تیار ہیں لیکن ٹیم مینیجمنٹ اور فزیو ڈاکٹر سہیل سلیم یہ خطرہ مول لینے کو تیار نہیں۔ پاکستان ٹیم میں محمد عرفان کی جگہ وہاب ریاض کو کھلایا جا سکتا ہے۔

نیوزی لینڈ سے ہارنے کی کسک باقی ہے

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے ایک جیتا ہوا میچ ہار کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ضایع کر دیا تھا جس پر کوچ وقار یونس نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی حقدار نہیں۔ جمعرات کو جب اس نمائندے نے وقار سے پوچھا کہ ٹورنامنٹ سے پاکستان ابھی باہر نہیں ہوا تو آپ نے ایسی بات کیوں کی؟ اس پر پاکستانی کوچ کا کہنا تھا کہ ’’یہ درست ہے کہ ابھی ہمارا ایک ہاتھ ٹورنامنٹ کے اندر ہے لیکن جس طرح کھلاڑی کھیل رہے ہیں اس پر اور کیا کہتا۔‘‘ وقار کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے تین اوورز کے بعد ہم مطمیئن ہوگئے تھے کہ اب معمول کے مطابق کھیل کر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ بعد میں کھلاڑی اگر اپنی بجائے اگر ٹیم کے لیے کھیلتے تو نیوزی لینڈ کو ہرایا جا سکتا تھا۔

جمعرات کو پاکستانی کرکٹرز گھبرائے ہوئے لگ رہے تھے اور اپنے مستقبل سے پریشان آفیشلز کے چہرے بھی اترے ہوئے تھے۔

Indien World T20 cricket tournament - Team Pakistan - Shahid Afridi
آسٹریلیا کے خلاف میچ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا ممکنہ طور پر آخری بین الاقوامی میچ ہو سکتا ہےتصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

پاکستان کا پلڑا بھاری

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عالمی ٹونٹی ٹونٹی میں چار میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے تین اور آسٹریلیا نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے جوہانسبرگ، کولمبو اور ڈھاکہ میں آسٹریلیا کو ہرایا تھا۔ پاکستان کے عمر اکمل کا آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ناکام ہونے کے باوجود موہالی کی سبز مگر بیٹنگ پچ پر کولٹرنایل، ہیسٹنگ اور ایڈم زیمپا کے پر مشتمل آسٹریلوی باولنگ کے خلاف پاکستان کا سہارا بن سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی اس ٹیم میں چار اوپنرز عثمان خواجہ، واٹسن اور وارنر اور ایرون فنچ موجود ہیں۔ فنچ جو چند ہفتے پہلے ٹونٹی ٹونٹی کپتان تھے اب اوپنرز کی بھرمار کی وجہ سے انکی جگہ نہیں بن رہی اور وارنر مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے پر مجبور ہیں۔ اس ڈے میچ کے موقع پر موہالی میں موسم ابر آلود رہے گا البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔

شاہد اور شین کا انجام

آسٹریلیا کے خلاف میچ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا ممکنہ طور پر آخری بین الاقوامی میچ ہو سکتا ہے۔ آفریدی اس ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی میں اچھی کپتانی نہیں کرسکے۔ ان کے بھارت میں متنازعہ بیانات کی وجہ سے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز ان سے ناراض ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے ٹاس پر آفریدی نے کشمیری تماشائیوں کا ذکر کیا تھا جسکا بھارتی بورڈ نے برا منایا۔ ایک ذریعہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے تیار بیٹھے تھے لیکن شاہد آفریدی نے نمبر تین پر جانے سے پہلے کوچ یا کسی دوسرے کھلاڑی کو بھی مطلع کرنا گوارا نہ کیا جس سے کلکتہ کے ڈریسنگ روم میں ٹیم کا ماحول خراب ہوا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ شاہد آسٹریلیا کے خلاف میچ کے ساتھ انکا کیریر ختم ہو جائے۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن نے جمعرات کو اپنی ٹیم کی پریکٹس شروع ہونے سے پہلے کی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا۔ واٹسن نے اپنے فیصلے سے ٹیم کے کھلاڑیوں کو آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں آگاہ کیا تو انکے ساتھی کھلاڑیوں نے تالیاں بجائیں۔