1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پامپلونا بُل ریس فیسٹیول اور جنسی حملوں کے انسداد کی ایپ

6 جولائی 2018

ہسپانوی علاقے پامپلونا میں سالانہ بُل ریسنگ فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس میلے کے دوران جنسی حملوں کے انسداد کے لیے خصوصی موبائل فون ایپس بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/30wfH
Spanien Pamplona Stierhatz 2017
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Barrientos

جمعہ چھ جولائی کو خصوصی فائرورکس کے بعد پامپلونا کے رنگا رنگ بُل فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔ اِس میلے سے قبل کی جانے والی آتش بازی کو ’چُوپینازو‘ کہا جاتا ہے۔ افتتاحی تقریب کی شروعات ذہنی بیماری ’ڈاؤن سنڈروم‘ کے دو نوجوان مریضوں نے ڈھول بجاتے ہوئے ’چوپینازو‘ آتش بازی کے راکٹوں کو آگ لگا کر کی۔

شمالی ہسپانوی شہر پامپلونا کے ٹاؤن ہال کے سامنے واقع مرکزی چوک میں بُل ریسنگ فیسٹیول کے شائقین کا ٹھاٹھیں مارتے ہجوم کے سامنے افتتاحی تقریب کو مکمل کیا گیا۔ آتش بازی کے دوران لوگ فرطِ جذبات سے چیخیں مارنے کے علاوہ شور شرابے کے ساتھ ساتھ سیٹیاں بھی بجاتے رہے۔ اس تقریب کے دوران حاضرین نے ہسپانوی اور باسک زبانوں میں فیسٹیول کو قائم و دائم رکھنے کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

اس نو روزہ میلے کی افتتاحی تقریب میں شریک بیشتر شائقین نے فیسٹیول کا روایتی سرخ رنگ کا اسکارف اور سفید لباس پہن رکھا تھا۔ شائقین موج مستی کے سلسلے کے دوران ایک دوسرے پر شراب بھی نچھاور کرتے ہوئے ایک دوسرے کے سفید لباسوں کو رنگین کرتے رہے۔

Spanien, Madrid: Proteste 'La Manada'
خواتین نے بل ریسنگ فیسٹول کے دوران احتجاجی مظاہروں کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عندیہ دے رکھا ہےتصویر: Getty Images/P. Blazquez Dominguez

دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے اس فیسٹیول کے دوران جنسی استحصال کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک خصوصی ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔ یہ خصوصی ڈیجیٹل ایپ گزشتہ برس کے ایک مقدمے ’وولف پیک‘ کے تناظر میں شروع کی گئی ہے۔ اس مقدمے میں ملوث افراد کو عدالت نے بری کر دیا ہے۔

اس بریت کے خلاف خاص طور پر خواتین نے بل ریسنگ فیسٹول کے دوران احتجاجی مظاہروں کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔ اسی فیسٹیول میں جنسی استحصال کا واقعہ سن 2016 میں رونما ہوا تھا اور جس میں ’وولف پیک‘ نامی ایک گروہ کے پانچ مردوں نے ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔

اسی فیسٹول کے دوران ایک تحریک کو بھی شروع کیا گیا ہے اور اِس کا مقصد پامپلونا فیسٹول کو جنسی استحصال سے پاک کرنا ہے۔ یہ تحریک شہر کی بلدیاتی کونسل کی ایک رکن اتسیار گومیز نے شروع کی ہے۔ گومیز کا کہنا ہے کہ یہ ایک محفوظ شہر ہے اور اس رنگا رنگ ثقافتی  فیسٹول کو جاری رکھنا بھی اہم ہے۔