1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پانچ یورو کے یہ کئی نوٹ آپ کے ہیں؟ اور چالیس ہزار یورو غائب

17 اکتوبر 2022

دنیا کی کئی زبانوں میں یہ محاورہ کسی نہ کسی طور موجود ہے کہ ہاتھ میں ایک کبوتر جھا‌ڑیوں میں بیٹھے دو سے بہتر ہوتا ہے۔ ایک بزرگ جرمن شہری نے یہ محاورہ جانتے ہوئے بھی اس پر عمل نہ کیا اور چالیس ہزار یورو سے محروم ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/4IHRi
Neuer Fünf-Euro-Schein
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Gambarini

یہ واقعہ دراصل چوری کی ایک ایسی واردات ہے، جو جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں ہوئی اور جس میں دو چوروں نے ایک بزرگ شہری کو اس کی جمع پونجی سے محروم کر دینے کے لیے ایک عجیب طریقہ استعمال کیا۔ طریقہ کارگر ثابت ہوا کیونکہ اس میں ہتھیار عدم توجہ اور انسانی نفسیات کو بنایا گیا تھا۔

جرمنی میں ٹائلٹ ٹیکس کی چوری کا منفرد مقدمہ

میونخ کی پولیس نے پیر 17 اکتوبر کے روز بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ 14 اکتوبر کی دوپہر پیش آیا۔ ایک 67 سالہ پینشنر بینک سے 40 ہزار یورو کیش نکلوا کر کچھ دور پارکنگ میں اپنی گاڑی میں ابھی بیٹھا ہی تھا کہ دو نامعلوم افراد میں سے ایک نے اس کی گاڑی کا ڈرائیور کی سیٹ والا دروازہ کھٹکھٹایا۔

اس شخص نے ڈرائیور سے پوچھا کہ آیا گاڑی کے دروازے کے پاس ہی زمین پر گرے ہوئے پانچ پانچ یورو کے کئی نوٹ اس کے تو نہیں تھے۔ بینک سے واپس لوٹنے والے پینشنر نے اپنی گاڑی کا دروازہ کھولا اور نیچے دیکھا، جہاں زمین پر پانچ پانچ یورو کے کئی نوٹ واقعی پڑے تھے۔

جرمنی میں ریکارڈ کمی کے باوجود سالانہ سوا لاکھ سائیکلیں چوری

دونوں کے درمیان چند جملوں کا تبادلہ ہوا، مگر اس مختصر گفتگو کے اختتام سے قبل دوسرے چور نے ڈرائیور کی عدم توجہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے ساتھ والی سیٹ سے وہ رک سیک اٹھا لیا، جس میں بینک سے نکلوائے گئے 40 ہزار یورو موجود تھے۔

ڈرائیور کو علم ہی نہ ہو سکا کہ اس کے ساتھ والی سیٹ سے نقدی والا بیگ غائب ہو چکا تھا۔ اس نے گاڑی سٹارٹ کی اور کچھ دور جانے کے بعد جب اچانک اس کی نظر ساتھ والی سیٹ پر پڑی تو وہ خالی تھی۔

بے دھیانی میں لٹ جانے والا میونخ کا یہ شہری، جس کا پولیس نے نام ظاہر نہیں کیا، فوراﹰ اسی پارکنگ کی طرف لوٹا مگر تب کیا ہو سکتا تھا۔ وہاں کوئی نہ تھا اور نامعلوم نوسرباز اس کے 40 ہزار یورو کیش کے ساتھ غائب ہو چکے تھے۔

چور کچھ کچھ مہذب تھا، شرمندہ ہو گیا، خالی ہاتھ ہی واپس چلا گیا

متاثرہ شخص نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کر دی، جس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش اور اس شہری کے بتائے ہوئے حلیے والے دونوں چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس نے عام شہریوں سے درخواست کی ہے کہ اگر اس جرم کا کوئی عینی شاہد ہو یا کسی کے پاس اس بارے میں کسی بھی طرح کی کوئی معلومات ہوں، تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

م م / ع ت (ڈی پی اے، دی ویلٹ)